چیلنج ہے کورونا وائرس بھی نہ پھیلے اور ساتھ غریب طبقے کی بھی مدد کی جائے: وزیر اعظم پاکستان

وزیر اعظم عمران خان اسکرین گریب وزیر اعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں ایک مسلمان کے ایمان کا پتہ چلتا ہے، آزمائشی وقت پر ایک دوسرے کی مدد کرنے والا بہترین انسان ہوتا ہے،مشکل وقت قوم کے امتحان کا وقت ہوتا ہے۔

صوبہ پنجاب کے گورنر ہاؤس میں کورونا سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے ریلیف فنڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب ڈونرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مخیرحضرات نے دل کھول کر عطیات دیے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں ایک مسلمان کے ایمان کا پتہ چلتا ہے، آزمائشی وقت پر ایک دوسرے کی مدد کرنے والا بہترین انسان ہوتا ہے، مشکل وقت قوم کے امتحان کا وقت ہوتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انسان کی بڑی خوبی مشکل وقت میں صبر کرنا ہے، مشکل وقت اس لیے ہے کہ کسی کو پتہ نہیں کیا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ممالک بھی دیکھ لیں جہاں ادارے مضبوط تھے،وہ ممالک دیکھ لیں جن کی ترقی کی مثالیں دی جاتی تھیں،سوچیں ان ملکوں کا یہ حال ہوسکتا ہے ہمارا کیاحال ہوگا۔

عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں وسائل کے باوجود برے حالات ہیں،ہمارے لیے امتحان کا وقت ہے، میں اس کو چیلنج سمجھتا ہوں،ہم اس مشکل وقت سے نکلیں گے تو ایک الگ قوم بن کر نکلیں گے۔

وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج دیا ہے، مخیرحضرات سے پیسے جمع کر کے غریبوں کی مدد کریں گے، حکومت آگے اور بھی بڑے بڑے ریلیف پیکج دےگی۔

انہوں نے کہا کہ چیلنج ہے کورونا وائرس بھی نہ پھیلے اور ساتھ غریب طبقے کی بھی مدد کی جائے، ہم نےملک کو ایسے چلانا ہے کہ غریب طبقہ متاثر نہ ہو، ہم نےکنسٹرکشن کھول دی ہے تاکہ لوگوں کو روزگار ملے، دیہات میں ایگری کلچر مکمل طور پرکھول رکھا ہے تاکہ کسانوں کوم مسئلہ نہ ہو۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہر روز بیٹھ کر سوچتے ہیں کہ کون سی انڈسٹری کھول سکتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کورونا سے جنگ بھی چلے اور ہماری اکانومی بھی چلے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ ابھی طویل چلےگی، کورونا وائرس کسی کو نہیں بخشے گا۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ اللہ نے ہمیں ابھی تک بچایا ہوا ہے پھر بھی ہم نے احتیاط کرنی ہے، جہاں بھی کورونا وائرس پھیلےگا وہاں مکمل لاک ڈاؤن کریں گے،ٹائیگر فورس کا مقصد ہوگا مکمل لاک ڈاؤن میں لوگوں کےگھروں تک کھانا پہنچائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمارے ایم این ایز اور ایم پی ایز کا بھی اصل امتحان ہے، ایم این ایز اور ایم پی ایز لوگوں کے پاس جا کر ان کی مدد کریں۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں کورونا سے متاثرین کی تعداد 2708 جبکہ 130 افراد صحتیاب

واضح رہےکہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد 2708 ہوگئی ہے جبکہ اس خطرناک بیماری سے 41 افراد جاں بحق اور 130 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

install suchtv android app on google app store