ملک بھر میں کورونا سے متاثرین کی تعداد 2,880 جبکہ 170 افراد صحتیاب

کورونا وائرس کے شکار افراد کے اعداد و شمار فائل فوٹو کورونا وائرس کے شکار افراد کے اعداد و شمار

ملک بھر میں کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد 2,880 ہوگئی ہے جبکہ اس خطرناک بیماری سے 45 افراد جاں بحق اور 170 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

جاں بحق افراد کی تعداد

ملک بھر میں اس وقت کورونا کے 45 تصدیق شدہ مریض جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے 15 کا تعلق سندھ، 12 کا پنجاب، 14 کا خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان سے 3 جب کہ بلوچستان کا ایک مریض شامل ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا ریلیف فنڈ کی تقریب سے خطاب

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں ایک مسلمان کے ایمان کا پتہ چلتا ہے، آزمائشی وقت پر ایک دوسرے کی مدد کرنے والا بہترین انسان ہوتا ہے،مشکل وقت قوم کے امتحان کا وقت ہوتا ہے۔

صوبہ پنجاب کے گورنر ہاؤس میں کورونا سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے ریلیف فنڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب ڈونرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مخیرحضرات نے دل کھول کر عطیات دیے ہیں۔

مزید پڑھیں: چیلنج ہے کورونا وائرس بھی نہ پھیلے اور ساتھ غریب طبقے کی بھی مدد کی جائے: وزیر اعظم پاکستان

وزیراعظم نے کہا کہ انسان کی بڑی خوبی مشکل وقت میں صبر کرنا ہے، مشکل وقت اس لیے ہے کہ کسی کو پتہ نہیں کیا کرنا ہے۔

پنجاب

آج پنجاب میں اب تک کورونا وائرس کے مزید 60 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 1072 ہوگئی ہے البتہ صوبائی حکومت کی جانب سے اب تک 1069 کیسز کی تصدیق سامنے آسکی ہے۔

صوبے میں اب تک کورونا سے 12 افراد جاں بحق بھی ہوچکے ہیں۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے مدد طلب کرلی

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے اب چینی طبی ماہرین سے مدد لینے کا وقت ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے کس سے مدد طلب کرلی؟ ڈاکٹر یاسمین کا مؤقف آگیا

وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے یہ بات چینی ڈاکٹرز کے 8 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستانہ مراسم قائم ہیں، چین کو کورونا وائرس پر اتنی جلدی قابو پانے پر مبارکباد دیتے ہیں۔

سندھ
سندھ میں آج بروز ہفتہ کورونا وائرس کے اب تک مزید 56 کیسز سامنے آچکے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 839 بتائی گئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں 38، حیدرآباد 1، بدین 1، جامشورو 2 اور ٹنڈو محمد خان میں 5 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

وزیر اعلیٰ سندھ  کی جانب سے نئی ٹیسٹنگ پی سی آر مشینیں خریدنے کی منظوری 

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو محکمہ صحت کی کورونا سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی اور کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد کار بڑھانے کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔

خیبرپختونخوا

صوبے میںدو ہلاکتوں کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد  ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی۔

جمعہ کے روز کورونا سے مزید 2 افراد کی ہلاکت ہوئی جس کے بعد کے پی میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی۔

جب کہ صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 343 ہے۔

اسلام آباد

آج بروز ہفتہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کےمزید 7 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 75 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں جمعہ کو کورونا وائرس کے مزید کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 175 ہوگئی۔

صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق 9 ڈاکٹروں سمیت 38 افراد میں مقامی طور پر کورونا وائرس منتقل ہونے کی تصدیق ہوئی۔

تفتان میں کنٹینر سٹی قرنطینہ سینٹر

پاک ایران کے سرحدی شہر تفتان میں حکومت بلوچستان نے این ڈی ایم اے کی تعاون سے گیارہ ایکڑ رقبے پر کنٹینر سٹی قرنطینہ سینٹر کے کام کا آغاز کر دیا ہے جہاں 350 سے زائد افراد کو تمام تر سہولیات میسر ہونگی۔

مزید پڑھیں: تفتان میں گیارہ ایکڑ رقبے پر کنٹینر سٹی قرنطینہ سینٹر کے کام کا آغاز شروع

اس کنٹینر قرنطینہ سینٹر میں 2 ,3 اور 4 کمروں پر مشتمل کنٹینر لگائے جارہے ہیں۔ کنٹینر لگانے کے لئے اراضی کو بھاری مشینری سے ہموار کیا جا رہا ہے۔ 11 ایکڑ اراضی میں 168 کنٹینر رکھا جائے گا جن میں 350 افراد کو آئسولییٹ کیا جاسکے گا ۔

گلگت بلتستان

بروز جمعہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 6 کیسز سامنے آئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 193 ہوگئی ہے۔

مشیر اطلاعات گلگت بلتستان کے مطابق نئے کیسز استور، نگر اور گلگت سے سامنے آئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاک فضائیہ کا طیارہ دالبندین سے زائرین کو لے کر اسکردو پہنچ گیا

انہوں نے بتایا کہ علاقے میں مہلک وائرس سے متاثرہ 9 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں آج بروز ہفتہ کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق وزیر صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔

 

install suchtv android app on google app store