ملک بھر میں جاں بحق افراد کی تعداد 13 اور متاثرہ افراد کی تعداد 1526 ہوگئی

ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1408 تک جاپہنچی ہے فائل فوٹو ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1408 تک جاپہنچی ہے

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے خاتون کے جاں بحق ہونے کے بعد ملک میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 13 ہوگئی جب کہ ملک میں مزید نئے کیسز کے بعد مصدقہ کیسز کی تعداد 1526 تک جا پہنچی ہے۔

چند روز قبل لوئر دیر کے علاقے مدینہ آباد زیارت تالاش گاؤں کی خاتون جاں بحق ہوگئی تھیں جن میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر تیمر گرہ کے مطابق کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد پورے گاؤں کو قرنطینہ قرار دے دیا گیا ہے۔

کورونا وائرس سے خیبرپختونخوا میں یہ چوتھی اور ملک میں مجموعی طور پر 12 ویں ہلاکت ہے جن میں سے پنجاب میں 5 جبکہ بلوچستان، سندھ اور گلگت میں ایک ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔

آج اب تک پاکستان میں کورونا وائرس کے 123 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے سندھ میں 29 ، اسلام آباد میں 12، گلگت میں 8، پنجاب میں 67 اور بلوچستان میں 7 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی۔

نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1496 تک جاپہنچی ہے جبکہ پاکستان میں مہلک وائرس سے اب تک 27 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان، اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سے 2، 2 جبکہ ایک کا پنجاب سے تعلق ہے۔

سندھ

سندھ میں آج بروز ہفتے اب تک کورونا وائرس کے 17 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں تاہم صوبائی ترجمان کی جانب سے ان کیسز کی تصدیق ابھی نہیں کی گئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں مزید 17 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 440 سے بڑھ کر 469 ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں: سندھ میں حالات تشویشناک، اب تک کتنے کورونا کیسز سامنے آگئے؟ افسوسناک خبر آگئی

سندھ میں جمعے کو کورونا وائرس کے مزید 19 کیسز سامنے آئے تھے جن میں 11 نئے کیسز کراچی میں سامنے آئے جو لوکل ٹرانسمیشن کے تھے اور حیدرآباد میں لوکل ٹرانسمیشن کا ایک کیس سامنا آیا جب کہ لاڑکانہ میں ایران سے آئے 7 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کیسز کی صورتحال تشویشناک ہے اور تعداد 557 ہوگئی۔

جمعہ کے روز پنجاب میں کورونا کے 2 مریض انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں جمعے کو کورونا وائرس کے مزید 57 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 180 ہوگئی ہے جب کہ صوبے میں اب تک اموات کی تعداد 3 ہے۔

واضح رہےکہ کے پی کے میں جمعرات کو کورونا وائرس کے 2 مریض صحتیاب ہوگئے جنہیں اسپتال سے فارغ کردیا گیا۔

آزاد کشمیر

جمعرات کے روز میرپور آزاد کشمیر ایک اور مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد آزاد کشمیرمیں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔

ڈپٹی کمشنرطاہر ممتاز کے مطابق 37 سالہ متاثرہ مریض 17 مارچ کو برطانیہ سے آیا تھا اور اسے دو روز قبل قرنطینہ میں منتقل کیا گیا تھا۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 14 کیسز سامنے آئے جس کے بعد مصدقہ کیسز کی تعداد 133 ہوگئی جس کی تصدیق صوبائی حکومت کے ترجمان کی جانب سے کی گئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا کے مریضوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور تعداد 107 ہوگئی۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 16 کیس سامنے آگئے

گلگت بلتستان میں بھی جعمرات کو 7 نئے کیسز مثبت آئے۔ مشیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 91 ہو گئی ہے۔

مشیر اطلاعات کے مطابق تمام 7 مریضوں کا تعلق ضلع اسکردو سے ہے۔

گلگت بلتستان میں بدھ کے روز 2 مریض صحتیاب ہوئے تھے جس کے بعد صحتیاب مریضوں کی تعداد 6 ہوگئی تھی۔

اسلام آباد

جمعہ کے روز سرکاری پورٹل پر اسلام آباد میں مزید 12 کیسز رپورٹ کیے گئے جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں مجموعی کیسز کی تعداد 39 ہوگئی ہے۔

صحتیاب

پاکستان میں مہلک وائرس سے اب تک 25 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

وزیراعظم کورونا ٹیسٹ:

گزشتہ روز لندن کے ایک نیوز چینل نے وزیراعظم عمران خان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبر نشر کی تھی تاہم سینیٹر فیصل جاوید نے وزیراعظم کا کورونا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آنے کی غیر ملکی ٹی وی چینل کی خبر تردید کردی ہے۔

مزید پڑھیں: اتنی بڑی غلطی کہ عوام گھبرا گئی، وزیر اعظم پاکستان سے متعلق فیصل جاوید نے اصل حقیقت بتادی

سینیٹر فیصل جاوید نےٹویٹ کیا کہ وزیراعظم عمران خان کورونا وائرس سے متاثر نہیں ، خبر جھوٹی ہے، جھوٹی خبریں پھیلانے سے گریز کیا جائے، اللہ تعالیٰ سب کو سلامت رکھے۔

دنیا بھر کی صورتحال

کورونا نے دنیا کے تمام ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، امریکا میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہو گئی۔ مہلک مرض سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ستائیس ہزار سے تجاوز کر گئی، پانچ لاکھ ستترہزار پانچ سو سے زائد متاثر ہیں۔ ایک لاکھ تیس ہزار چھ سو سے زائد صحت یاب ہوکر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا کے پے در پے وار جاری، متاثرہ افراد کی تعداد میں ہوا کتنا اضافہ؟ تفصیلات آگئیں

اٹلی میں مزید نو سو انیس افراد کی ہلاکت کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد نو ہزار ایک سو سے زائد ہوگئی ہے، چھیاسی ہزار چار سو سے زائد متاثر ہین جبکہ اب تک دس ہزار نو سو سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں

کورونا سے نمٹنے کیلئے چینی ڈاکٹرز کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی

خصوصی طیارہ چینی ڈاکٹرز کی ٹیم کو لے کر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گیا ہے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر حکام نے چینی ڈاکٹروں کی ٹیم کا استقبال کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا تھا کہ چین سے 8 ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم کل پاکستان پہنچے گی جو کورونا وائرس سے نمٹنے میں حکومت کی مدد کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ چین سے آئی ڈاکٹروں کی ٹیم کورونا وائرس کیخلاف پاکستان کے اقدامات کا جائزہ لے گی اور ٹیکنیکل سپورٹ بھی فراہم کرے گی۔

کورونا وائرس سے لوئردیر میں خاتون کا انتقال، علاقہ مکمل سیل کر دیا

کورونا وائرس سے خاتون کے انتقال پر زیارت تالاش کا علاقہ مکمل طور پر سیل کردیا گیا۔

کورونا وائرس کی وجہ سے خاتون کے انتقال کرجانے پر لوئر دیر میں زیارت تالاش کا علاقہ مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر لوئر دیر کا کہنا ہے کہ 25 مارچ کو مریضہ کا اسپتال کے آئی سی یو میں انتقال ہوا، جاں بحق خاتون 15 مارچ کو عمرہ کرکے لاہور سے لوئر دیر آئی تھی۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق وفات پانے والی خاتون کے رشتہ داروں کے بھی ٹیسٹ کیے جائیں گے جب کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے علاقے میں مساجد سے اعلانات بھی کیے جارہے ہیں۔

 

install suchtv android app on google app store