عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے 1 ارب 29کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی۔ آئی ایم ایف ایگزیکٹوبورڈ کا پاکستان سے متعلق اجلاس ہوا جس میں پاکستان کے لیے 1 ارب 29 کروڑ ڈالر کی قسط کی منظوری دی گئی۔ آئی ایم ایف مشن پہلے ہی اس قسط کے اجرا کی منظوری دے چکا تھا۔
1 ارب 29 کروڑ ڈالر کی قسط میں سے 20 کروڑ ڈالر موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے منصوبوں کے لیے ملیں گے۔
اس کے علاوہ آئی ایم ایف ایگزیکٹیو بورڈ نے دوسرے اقتصادی جائزے کی بھی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق 7 ارب ڈالر کے ای ایف ایف پروگرام کی مد میں 1 ارب ڈالر سے زائد ملیں گے، 1.3 ارب ڈالر کے آر ایس ایف کے تحت 20 کروڑ ڈالر سے زائد کی پہلی قسط شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں قرض پروگرامز کی مجموعی جاری رقم 3.3 ارب ڈالر ہو جائے گی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کو ای ایف ایف پروگرام کے تحت 2 اقساط پہلے ہی مل چکی ہیں۔آئی ایم ایف نے جاری قرض پروگرام پر عمل درآمد کو مضبوط قرا دیا۔ حکومت نے بھی معاشی اصلاحات پر عمل درآمد جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
واضح رہے کہ 1 ارب 29کروڑ ڈالر ملنے سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں مزید اضافہ ہوگا۔