امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہیں نوبل امن انعام نہ ملنے کی وجہ یہ بتائی گئی کہ انہوں نے روس۔یوکرین جنگ نہیں رکوائی، حالانکہ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ اب تک آٹھ جنگیں رکوا چکے ہیں۔ کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ "اگر انصاف کیا جائے تو مجھے ہر جنگ رکوانے پر نوبل امن انعام ملنا چاہیے، لیکن میں لالچی نہیں بننا چاہتا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ نوبل انعام دینے والی کمیٹی کی ایک رکن—جسے انہوں نے “پانی والی خاتون” کے طور پر ذکر کیا—بھی انہیں امن انعام کا حقدار قرار دے چکی ہیں۔
صدر ٹرمپ کے مطابق انہیں جنگوں کے نتیجے میں ہونے والی انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید تشویش رہتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ روس اور یوکرین کی جنگ میں 27 ہزار افراد ہلاک ہوئے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے پاک بھارت تناؤ سمیت آٹھ جنگیں رکوا دیں، اور اب روس۔یوکرین جنگ کو اپنا نوواں ہدف قرار دیتے ہوئے کہا کہ "اس جنگ کو روکنا آسان نہیں، صورتحال انتہائی پیچیدہ ہے، لیکن میں اسے بھی ختم کرا دوں گا۔"