میں نے 350٪ ٹیرف کی دھمکی دے کر پاک–بھارت جنگ روک دی: صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فائل فوٹو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر دعویٰ کیا ہے کہ پاک–بھارت جنگ رکوانے کا کریڈٹ انہیں جاتا ہے۔ سعودی بزنس فورم میں خطاب کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کو ساڑھے تین سو فیصد ٹیرف لگانے کی دھمکی دے کر ٹال دیا۔

ٹرمپ کے مطابق اس وقت دونوں ممالک ایٹمی تصادم کے دہانے پر تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے دونوں ملکوں کو پیغام دیا کہ اگر جنگ نہ رکی تو میں بھاری ٹیرف عائد کر دوں گا اور انہیں امریکا کے ساتھ تجارت بند کرنا پڑے گی۔

ٹرمپ نے کہا کہ جب انہیں بتایا گیا کہ وہ ایسا نہیں کر سکتے تو ان کا جواب تھا کہ میں ایسا کرنے والا ہوں، کیونکہ میں ایٹمی تباہی نہیں ہونے دوں گا جس میں لاکھوں جانیں ضائع ہوں اور نیوکلیئر ڈسٹ لاس اینجلس تک پہنچ جائے۔

اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے متبادل کے طور پر اچھا تجارتی معاہدہ پیش کیا، جس کے بعد بھارتی وزیرِ اعظم نے فون کر کے یقین دلایا کہ بھارت جنگ کی طرف نہیں جا رہا۔

ٹرمپ کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی انہیں کال کر کے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ شاید ٹرمپ کو اندازہ نہیں، لیکن ان کی وجہ سے لاکھوں جانیں بچ گئیں۔

یاد رہے کہ امریکی صدر اس سے قبل بھی درجنوں بار پاک بھارت جنگ بندی کا ذکر کرچکے ہیں، انہوں نے گزشتہ روز بھی کہا تھا کہ دنیا میں 8 بڑی جنگیں روکیں جس پر انہیں فخر ہے، پاک بھارت وہ جنگ بھی رکوائی جو دوبارہ شروع ہونے والی تھی۔

 

install suchtv android app on google app store