وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنگ کے میدان میں افواج پاکستان نے بھارت کو زبردست جواب دیا، جس پر امریکی کانگریس نے بھی اعتراف کیا۔ دانش اسکول باغ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ صدر ٹرمپ بھی ہر موقع پر پاکستان کی تعریف کرتے ہیں اور اپنی تقریروں میں بار بار بتاتے ہیں کہ ہمارے 7 نئے جہاز گرائے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری فضائیہ اور بری فوج نے محض 4 دن میں بھارت کی افواج کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔
شہباز شریف نے کہا، "جنگ کے میدان میں افواج پاکستان نے بھارت کو زبردست جواب دیا، اور امریکی کانگریس نے بھی اسے تسلیم کیا۔"
وزیراعظم نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج دانش اسکول باغ کا سنگ بنیاد رکھنا فخر کی بات ہے، یہ سلسلہ پنجاب سے شروع ہوا تھا اور اب پورے پاکستان میں دانش اسکولز قائم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ باغ میں دانش اسکول 23 مارچ 2026 کو باقاعدہ افتتاح ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ فارورڈ کہوٹہ میں دانش اسکول کی فرمائش پوری کرنے کابھی اعلان کرتا ہوں، یہ وہ دانش گاہیں ہیں جن کا مقابلہ پاکستان میں کسی بھی تعلیم گاہ سے کرسکتے ہیں، دانش گاہوں نے بند راستے کھول دئے ہیں کیونکہ آپ کے بچے یہاں میرٹ پر تعلیم مفت حاصل کریں گے۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ بچوں کی تعلیم، رہائش گاہ، یونیفارم سب مفت ہوگا اور کوشش ہوگی آپ کے ہی اساتذہ کو یہاں نوکریاں ملیں۔