روس نے پاکستان–بھارت اور پاکستان–افغانستان کے درمیان جاری تنازعات میں ثالثی کی پیشکش کر دی ہے۔ پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ پی خوریف نے یہ پیشکش اسلام آباد انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی۔
روسی سفیر کا کہنا تھا کہ ماسکو پاکستان کے دونوں پڑوسی ممالک کے ساتھ جاری مسائل میں ثالثی کے لیے تیار ہے۔
ان کے مطابق روس کو خطے کی سکیورٹی خصوصاً افغانستان کی صورتحال پر شدید تشویش ہے۔
البرٹ پی خوریف نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیائی ممالک میں کشیدگی اکثر بیرونی قوتوں کی وجہ سے بڑھتی ہے، اور روس خطے میں امن، استحکام اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ روس علاقائی، سماجی اور معاشی ترقی میں تعاون جاری رکھنے کا خواہاں ہے اور پاکستان کو ایک اہم علاقائی شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے۔
سفیر نے کہا کہ پاکستان، صدر پیوٹن کے گریٹر یوریشین پارٹنرشپ وژن کے تحت اہم علاقائی حیثیت رکھتا ہے، اور اس وژن کے مطابق خطے کے مسائل کا حل بھی علاقائی ممالک ہی کو تلاش کرنا چاہیے۔