صدر ٹرمپ نےمسلم برادر ہُڈ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فائل فوٹو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسلم برادر ہُڈ کی بعض شاخوں کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دینے کا عمل باضابطہ طور پر شروع کر دیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت امریکی انتظامیہ مسلم برادر ہُڈ کو دہشت گرد تنظیم کے طور پر نامزد کرنے کی تیاری کرے گی۔

اس حکم نامے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تنظیم کے مختلف ونگز کو فارن ٹیرارسٹ آرگنائزیشن اور اسپیشلی ڈیزگنیٹڈ گلوبل ٹیرارسٹ فہرست میں شامل کرنے کی کارروائی کا آغاز کریں۔

ایگزیکٹو آرڈر کے مطابق روبیو اور بیسنٹ کو امریکی اٹارنی جنرل اور ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس کے ساتھ مل کر ایک جامع جائزہ رپورٹ تیار کرنا ہوگی، جس میں یہ طے کیا جائے گا کہ لبنان، مصر اور اردن میں سرگرم مسلم برادر ہُڈ کے کون سے وِنگز کو باضابطہ طور پر دہشت گرد قرار دیا جا سکتا ہے۔

وائٹ ہاؤس نے اس سلسلے میں ایک فیکٹ شیٹ بھی جاری کی ہے جس میں نامزدگی کے عمل اور اس کے مراحل کی وضاحت کی گئی ہے۔

وائٹ ہاؤس نے دعویٰ کیا کہ مسلم برادر ہڈ مشرق وسطیٰ میں دہشت گردی کی مہم کو ہوا دیتا ہے، بیان میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ مسلم برادر ہڈ مشرق وسطیٰ میں امریکی مفادات اور اتحادیوں کے خلاف مہم کو بھی ہوا دیتا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل امریکی ریاست ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے انتہائی متنازع قدم اٹھاتے ہوئے دو بڑی مسلم تنظیموں مسلم برادر ہُڈ اور کونسل آن امریکن اسلامی ریلیشنز پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

install suchtv android app on google app store