دنیا کے سب سے بڑے ہوائی جہاز (Stratolaunch ROC) کے وِنگ اسپین کی لمبائی ایک فٹبال میدان سے بھی زیادہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ منفرد طیارہ دو فیوٹیج پر مشتمل ہے اور اب تک کا سب سے وسیع بازو والا پرواز کرنے والا جہاز ہے، اس کا وِنگ اسپین 385 فٹ (117 میٹر) ہے، جبکہ ایک امریکی فٹبال میدان کی لمبائی 300 فٹ ہوتی ہے۔
اس جہاز کو مشہور دیومالائی پرندے (ROC) کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، اسے ابتدا میں فضا میں راکٹ لانچ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا، تاہم بعد میں اسے ہائپرسونک فلائٹ ٹیسٹنگ کے لیے بھی استعمال کیا جانے لگا۔
طیارے کی ہر فیوٹیج کی لمبائی 238 فٹ ہے اور یہ 28 پہیوں پر اڑان بھرتا اور لینڈنگ کرتا ہے۔ پائلٹ، کو-پائلٹ اور فلائٹ انجینئر دائیں فیوٹیج میں بیٹھتے
ہیں، جبکہ بائیں فیوٹیج میں پرواز سے متعلق ڈیٹا سسٹمز نصب ہیں اور یہ حصہ مکمل طور پر بغیر عملے کے کام کرتا ہے۔
یہ ہوائی جہاز چھ بڑے انجنوں سے طاقت حاصل کرتا ہے اور اڑان کے لیے تقریباً 12,000 فٹ لمبی رن وے درکار ہوتی ہے، یہ تقریباً 250 ٹن تک وزن لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو اس کے اپنے وزن سے تقریباً 10 فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہوائی جہاز کا آغاز 2011 میں بطور پروٹوٹائپ ہوا، اس نے اپنی پہلی پرواز 2019 میں کی اور اب تک 24 کامیاب پروازیں کر چکا ہے۔
یہ طیارہ اپنی منفرد ساخت اور ریکارڈ توڑ وِنگ اسپین کے باعث ہوابازی کی دنیا میں ایک نیا سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔