ایک مسلم ملک کے پاسپورٹ کو 2025 میں دنیا میں سب سے طاقتور سفری دستاویز قرار دیا گیا ہے۔
آرٹن کیپیٹل کی جانب سے جاری دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا نام مسلسل 7 ویں برس سرفہرست رہا۔
یو اے ای کا پاسپورٹ رکھنے والے شہری ویزا لیے بغیر 179 ممالک کا سفر کرسکتا ہے۔
آرٹن کیپیٹل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس وقت جب بیشتر اہم پاسپورٹس کی طاقت میں کمی آئی، یو اے ای نے اپنی سبقت کو برقرار رکھا۔
بیان میں کہا گیا کہ یو اے ای کی مستحکم اور سرمایہ کاری کے لیے دوستانہ ہب کی ساکھ نے اس کے پاسپورٹ کو مضبوط رکھا۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ اس وقت دنیا زیادہ محتاط ہوچکی ہے اور کووڈ کی وبا کے بعد دنیا کے تیزی سے کھلنے کا عہد پیچھے رہ گیا ہے۔
یو اے ای کے بعد دوسرا طاقتور ترین پاسپورٹ سنگاپور کا قرار دیا گیا۔
یہ گزشتہ سال 30 ویں نمبر پر تھا، مگر اب وہ اسپین کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہے اور ان ممالک کے شہریوں کو 175 ممالک میں جانے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں۔
سوئٹزرلینڈ، جنوبی کوریا، جرمنی، سویڈن، فن لینڈ، لگسمبرگ، فرانس، اٹلی، نیدرلینڈز، آئرلینڈ، ڈنمارک، یونان، آسٹریا، بیلجیئم، پرتگال، ملائیشیا اور جاپان کے پاسپورٹس کے حصے میں تیسرا نمبر آیا جن کے حامل افراد 174 ممالک کا سفر ویزے کے بغیر کرسکتے ہیں۔
پولینڈ، سلوانیا، کروشیا، سلواکیہ، ہنگری اور ایسٹونیا کے پاسپورٹس پر 173 ممالک کا سفر ویزے کے بغیر کرنا ممکن ہے اور یہ فہرست میں مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر ہیں۔
5 واں نمبر مشترکہ طور پر مالٹا، رومانیہ، لٹویا، نیوزی لینڈ، چیک ریپبلک اور بلغاریہ کے نام رہا جن کے شہری 172 ممالک میں پاسپورٹ دکھا کر ویزے کے بغیر داخل ہوسکتے ہیں۔