آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے پاکستان کے سابق کپتان اور سوئنگ کے ماہر وسیم اکرم کا اہم ریکارڈ توڑتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے لیفٹ آرم فاسٹ بولر کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ اسٹارک نے یہ تاریخی سنگِ میل انگلینڈ کے خلاف جاری ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن حاصل کیا۔
میچ کے دوران اسٹارک نے پہلے انگلینڈ کے بیٹرز بین ڈکٹ اور اولی پوپ کو آؤٹ کیا، اور پھر ہیری بروک کی وکٹ لے کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔ اس کے بعد اسٹارک ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ شکار کرنے والے لیفٹ آرم فاسٹ بولر بن گئے۔
ان کی شاندار بولنگ نے میچ کے اس مرحلے میں آسٹریلیا کی پوزیشن کو مزید مضبوط کر دیا۔ اسٹارک نے یہ ریکارڈ صرف 102 میچز میں حاصل کیا، جو وسیم اکرم کی کارکردگی سے بھی تیز ہے۔
ایشز سیریز کے آغاز سے ہی اسٹارک شاندار فارم میں ہیں۔ پرتھ میں پہلے ٹیسٹ میں انہوں نے پہلی اننگز میں سات وکٹیں حاصل کیں اور دوسری اننگز میں مزید تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن اسٹارک نے شاندار آغاز کیا اور پہلے ہی اوور میں بین ڈکٹ کو سلپ میں کیچ کروایا۔ اولی پوپ کی وکٹ بھی جلدی اسٹارک کے حصے آئی، جس کے بعد وہ وسیم اکرم کے ریکارڈ کے برابر پہنچ گئے۔
بعد میں اسٹارک نے جو روٹ کو بھی مشکل میں ڈال دیا، تاہم وہ بچ گئے۔ اس کے بعد انہیں کچھ دیر انتظار کرنا پڑا کیونکہ زیک کرالی اور روٹ نے انگلینڈ کی اننگز کو سہارا دیا۔
وقفے سے قبل اسٹارک کا مختصر اسپیل رہا، لیکن دوسرے سیشن میں جب انہیں دوبارہ گیند ملی تو وہ مکمل ردھم میں نظر آئے۔
ہیری بروک نے اسٹارک پر حملہ کرنے کی کوشش کی، مگر ایک شاٹ کھیلتے ہوئے سیدھا اسٹیو اسمتھ کے ہاتھوں میں کیچ دے بیٹھے، جس کے ساتھ ہی اسٹارک نے یہ تاریخی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔