ریکارڈ توڑنے والے آسٹریلوی کھلاڑی نے وسیم اکرم کو اپنا مقابلہ سے بہتر قرار دیا

آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے پاکستان کے سابق کپتان اور لیفٹ آرم کے سلطان وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑ دیا فائل فوٹو آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے پاکستان کے سابق کپتان اور لیفٹ آرم کے سلطان وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑ دیا

ایشیز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے پاکستان کے سابق کپتان اور لیفٹ آرم کے سلطان وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑ دیا۔ انگلینڈ کے خلاف شاندار اسپیل کے دوران اسٹارک نے 6 وکٹیں حاصل کیں اور نہ صرف آسٹریلیا کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا بلکہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے لیفٹ آرم فاسٹ بولر کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔

اسٹارک اب تک 102 ٹیسٹ میچز میں 418 وکٹیں لے چکے ہیں، جبکہ وسیم اکرم نے 414 وکٹیں 104 ٹیسٹ میں حاصل کی تھیں۔ یہ ریکارڈ تقریباً 20 سال تک وسیم اکرم کے نام رہا۔

دن کے اختتام پر سابق انگلش کپتان مائیکل وان سے گفتگو کرتے ہوئے اسٹارک نے عاجزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا، "میرے لیے یہ بڑی عزت کی بات ہے، لیکن وسیم اکرم اب بھی میرے نزدیک سب سے بہترین لیفٹ آرم بولر ہیں۔ میں کوشش کروں گا کہ آئندہ مزید وکٹیں حاصل کروں۔"

اسٹارک کی کامیابی پر وسیم اکرم نے بھی سوشل میڈیا پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا، "سپر اسٹارک! مجھے تم پر فخر ہے۔ یہ صرف وقت کی بات تھی کہ تم میری وکٹوں کی تعداد کو پار کر جاؤ۔ تمہارا کیریئر کامیابیوں سے بھرا ہو اور تم نئی بلندیوں کو چھوتے رہو۔"

پہلے اوور سے اسٹارک نے انگلش بیٹرز کو پریشان کرنا شروع کیا، بین ڈکٹ، اولی پوپ اور ہیری بروک کو آؤٹ کر کے ریکارڈ کے قریب پہنچے، اور ہیری بروک کی وکٹ کے ساتھ تاریخی ریکارڈ توڑ دیا۔

اسٹارک اس ایشیز سیریز میں شاندار فارم میں ہیں۔ انہوں نے پرتھ میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں 10 وکٹیں حاصل کیں، اور اب تک سیریز میں 16 وکٹیں لے چکے ہیں۔ اس ریکارڈ کی بدولت وہ سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں 15ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

اسٹارک کا کہنا ہے کہ وہ مزید وکٹیں حاصل کرنے کے لیے محنت جاری رکھیں گے، اور ایشیز سیریز میں اپنی کارکردگی سے پوری دنیا کو متاثر کرنے کی کوشش کریں گے۔

install suchtv android app on google app store