جنوبی افریقا کے ہاتھوں بھارت وائٹ واش

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تازہ رینکنگ کے مطابق بھارت چوتھے سے پانچویں نمبر پر چلا گیا فائل فوٹو آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تازہ رینکنگ کے مطابق بھارت چوتھے سے پانچویں نمبر پر چلا گیا

جنوبی افریقا کے ہاتھوں وائٹ واش کے بعد بھارتی ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ایک درجے تنزلی کا شکار ہو گئی ہے۔

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تازہ رینکنگ کے مطابق بھارت چوتھے سے پانچویں نمبر پر چلا گیا، جبکہ پاکستان نے ایک درجہ ترقی کرتے ہوئے پانچویں سے چوتھی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

آسٹریلیا پہلے نمبر پر برقرار، جنوبی افریقا کا دوسرا جب کہ سری لنکا تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

بھارتی ٹیم کی مسلسل ناکامیوں کے باعث انہیں پوائنٹس ٹیبل پر بڑا دھچکا لگا ہے جبکہ پاکستان کو اہم فائدہ حاصل ہوا ہے۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقا نے بھارت میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے میزبان ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔ 25 سال بعد پروٹیز نے بھارت کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز 0-2 سے اپنے نام کی، جس کے بعد بھارتی ٹیم ہوم گراؤنڈ اور شائقین کے سامنے بُری طرح ناکام دکھائی دی۔

گوہاٹی ٹیسٹ میں جنوبی افریقا نے بھارت کو 408 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی۔ 549 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 140 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سائمن ہارمر نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ میچ میں مجموعی طور پر 9 شکار کیے۔

بھارت کی جانب سے رویندرا جڈیجا 54 رنز بنا کر مزاحمت کرنے والے نمایاں کھلاڑی رہے۔ اس سے قبل جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 489 رنز بنائے تھے اور دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کی۔

مہمان ٹیم کی پہلی اننگز میں لوئر آرڈر کے کھلاڑی متھوسامی نے شان دار سنچری اسکور کی، جبکہ پروٹیز بولر مارکو یانسن نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 6 بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

بھارت کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں بھی صرف 201 رنز تک محدود رہی۔ سیریز میں جنوبی افریقا کی یہ غیر معمولی کارکردگی بھارتی ٹیم کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہوئی ہے، جبکہ کرکٹ شائقین پروٹیز کی تاریخی کامیابی کو سراہ رہے ہیں۔

 

install suchtv android app on google app store