پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آج لاہور میں ہونے والے جلسے سے قبل کارکنوں کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے۔ پولیس نے پی ٹی آئی رہنما سلمان احمد کو گرفتار کرلیا۔ راولپنڈی میں بھی ٹی آئی کارکنوں ،مرکزی رہنماوں اور عہدیداروں کے گھروں پر پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔ دوسری جانب مینارپاکستان گراؤنڈ جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے مرکزی قائدین عامر کیانی، غلام سرور خان، راجہ بشارت، سٹی صدر میاں عمران حیات، سٹی سیکرٹری اطلاعات راجہ عثمان اور دیگر کی گرفتاری کے لیے رات گے چھاپے مارے گے لیکن کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔
پولیس نے رحیم یارخان کے مختلف علاقوں سے پی ٹی آئی کے 50 سے زائد کارکنان کو گرفتار کرلیا جب کہ ملتان میں پی ٹی آئی رہنما جاوید انصاری کے بیٹے سمیت 26کارکنان کو گرفتار کرلیاگیا۔
تحریک انصاف کا کہناہے کہ لودھراں اور بھکر سے بھی ان کے متعدد کارکنان کوحراست میں لے لیا گیا ہے۔
گزشتہ روز سیالکوٹ میں پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا تاہم پی ٹی آئی رہنما گھر پر موجود نہیں تھے۔
پی ٹی آئی کے تمام قائدین گرفتاریوں سے بچنے کے لیے روپوش ہوچکے ہیں۔ ایک ہفتے سے جاری پولیس کریک ڈاون میں 33 کارکنوں کو حراست میں لیا گیا جن کو بعد میں عدالتوں سے رہائی بھی مل چکی ہے۔
تحریک انصاف کے مینار پاکستان جلسے کے موقع پر جلسہ گاہ جانے والے راستے بند کردیے گئے۔
دوسری جانب مینارپاکستان گراؤنڈ جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کیا گیا ہے جب کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی کنٹینر لگائے گئے ہیں۔
راوی پل اور ریلوےاسٹیشن سےمینارپاکستان جانے والے راستے بند ہیں جب کہ شاہ عالم مارکیٹ میں بھی کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ سگیاں پل، انجینئرنگ یونیورسٹی روڈ کےراستے بند ہیں، شاہدرہ، راوی ٹول پلازہ، بتی چوک سے مینارپاکستان جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگاکربند کیا گیا ہے جب کہ نیازی چوک، دہلی دروازہ اور دوموریہ پل کو بھی بند کردیاگیا ہے۔
انچارج میٹرو بس کے مطابق جلسے کے باعث میٹروبس کا روٹ مختصر کیا گیا ہے اور میٹروبس گجومتہ سے ایم اے او کالج تک چلائی جارہی ہے۔
واضح رہےکہ ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کوآج رات مینارپاکستان پرجلسےکی اجازت دےرکھی ہے۔