پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہمیں دیوار سے نہ لگایا جائے، ہمیں جینے نہیں دیں گے تو آپ کو بھی جینے نہیں دیں گے۔
صوابی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے اسدقیصر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہمارا آئینی و قانونی حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں دیوار سے لگایا جا رہا ہے ہمیں دیوار سے نہ لگایا جائے، اگر ہمیں جینے نہیں دیں گے تو آپ کو بھی جینے نہیں دیں گے۔
اسدقیصر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا ہمیشہ سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے،ہم نے افغان جنگ کے بہت نقصانات اُٹھائے اور ابھی تک افغان جنگ کا خمیازہ بھگت رہے ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ وفاق نے کبھی ہماری قربانیوں کو تسلیم نہیں کیا، وفاق نے ہمیشہ ہمارے صوبے کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرا فغانستان اور پاکستان سمجھتے ہیں کہ ایک دوسرے کے بغیر گزارا کرسکتے ہیں تو یہ دونوں ممالک کی غلط فہمی ہے، پاکستان،افغانستان اور ایران برادر مسلم ممالک ہے، ہمیں اپنے معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھاکہ قطر، ترکیہ اور دیگر ممالک امن کےلیے اپنی کوششیں جاری رکھیں، ہمارا پڑوسی ملک کے ساتھ جو تنازع ہے تو اس کو ختم کرنے اور امن لانے میں سعودی عرب اور چین بھی اپنا کرادار ادا کریں۔