لکی مروت: پولیس موبائل پر دہشتگردوں کی فائرنگ، 6 اہلکار شہید

لکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشتگردوں کا حملہ، 6 اہلکار شہید فائل فوٹو لکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشتگردوں کا حملہ، 6 اہلکار شہید

لکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے 6 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

پولیس کے مطابق لکی مروت میں ہفتہ وار میلے میں پولیس موبائل سکیورٹی کے لیے جارہی تھی کہ اس دوران موٹرسائیکل پر سوار دہشتگردوں نے تھانہ ڈاڈیوالہ کی حدود میں موبائل پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہےکہ دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والوں میں موبائل کا ڈرائیور اور ڈیوٹی انچارج اے ایس آئی بھی شامل ہیں جب کہ شہید ہونے والوں کی شناخت اسسٹنٹ سب انسپکرٹر علم دین،کانسٹیبل پرویز ،احمد، دل جان، عبداللہ اور محمود کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ڈی پی او کے مطابق واقعے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی اور دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے لکی مروت میں پولیس وین پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے اور شہید ہونے والے چھ پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت شہداء کو اعزازات اور شہدا پیکج دے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے بھی لکی مروت میں پولیس وین پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت اور واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے چیف سیکریٹری اور آئی جی خیبر پختونخوا سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے فائرنگ کے واقعہ کو نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔

وزیر اعلیٰ نے شہید ہونے والوں کی درجات بلندی اور غمزدہ لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ واقعہ انتہائی افسوناک ہے، شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

install suchtv android app on google app store