ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی شناخت ہو گئی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک تینوں دہشت گرد افغانی تھے۔ آج صبح پشاور میں تین خودکش بمباروں نے ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ کیا۔ ایک دہشت گرد نے خود کو مرکزی گیٹ پر اڑایا جبکہ باقی دو دہشت گرد اندر داخل ہوئے۔
پولیس اور ایف سی حکام کے مطابق اندر داخل ہونے والے دونوں دہشت گردوں کو ایف سی اہلکاروں نے فائرنگ کے ذریعے ہلاک کر دیا۔
خودکش دھماکے میں تین ایف سی اہلکار شہید ہوئے جبکہ دیگر تین اہلکاروں سمیت مجموعی طور پر 10 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر لیڈی ریڈنگ اور خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی جبکہ وزیر اعلیٰ کے پی نے آئی جی پختونخوا ذوالفقار حمید سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔