پاکستان میں کورونا وائرس کے سبب54 افراد جاں بحق اور 3864 متاثر جبکہ 429 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 577 سے نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
پنجاب
پنجاب میں آج بروز پیر کورونا وائرس کے مزید کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد1708 ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ صوبے میں 3 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہیں، اس طرح صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔
ترجمان پنجاب پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے صوبے بھر میں مجموعی طور پر 1708 کیسز کی تصدیق کی ہے۔
مزید پڑھیں: صوبہ پنجاب کے نجی اسپتالوں میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کی تیاریاں مکمل
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مختلف قرنطینہ مراکز میں موجود ایران سے واپس آنے والے زائرین میں سے 577 زائرین اور رائے ونڈ تبلیغی مرکز سے آنے والے 527 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ صوبے بھر کی جیلوں میں 49 قیدی بھی وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس سے اب تک25 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔
سندھ
سندھ میں آج کورونا وائرس سے مزید 2 مریض انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 17 ہوگئی جب کہ مزید 51 کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی تعداد 881 تک جا پہنچی ہے۔
مزید پڑھیں: مسلسل بندش کے بعد طورخم بارڈر کو یک طرفہ طور پر بحال کر دیا گیا
سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے ہلاکتوں اور کیسز کی تصدیق کی اور ساتھ ہی بتایا کہ صوبے میں کورونا سے مزید 130 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 253 ہوگئی ہے۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 4 کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 82 ہو گئی جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا میں آج اب تک کورونا کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ اتوار کے روز کورونا سے مزید 2 ہلاکتیں ہوئی تھیں جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 16 ہوگئی ہے جب کہ صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد تعداد 405 ہے۔
خیبرپختونخوا میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 62 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
بلوچستان
بلوچستان میں بھی آج اب تک کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا البتہ اتوار کے روز کورونا وائرس کے 6 نئے کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 202 ہو گئی ہے۔
مزید پڑھیں: تفتان جانے سے انکار پر 44 ڈاکٹروں کو معطل کردیا گیا: فوکل پرسن برائے انسداد کورونا
صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق 9 ڈاکٹروں سمیت 54 افراد میں مقامی طور پر کورونا وائرس منتقل ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
دوسری جانب صوبے میں کورونا وائرس سے اب تک 60 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ جام کمال نے کی۔
گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں آج اب تک کورونا کا صرف ایک کیس سامنے آیا ہے جس کے بعد گلگت بلتستان میں کیسز کی مجموعی تعداد 211 تک جا پہنچی ہے۔
A Public Service Messgae by @HealthDeptGB #StayAtHome #staysafe #COVID #COVID19GB pic.twitter.com/IqM29Pf4dj
— Health Department Gilgit-Baltistan (@HealthDeptGB) April 3, 2020
گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 15 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں جب کہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔
مزید پڑھیں: چین سے آنے والی کٹس اور این آئی ایچ کی کٹس میں فرق ہے: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان
خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں بھی آج کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا البتہ اتوار کو مزید 3 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔
وزیر صحت آزادکشمیر ڈاکٹرنجیب نقی کے مطابق متاثرہ افراد کا تعلق میرپور سے ہے جنہیں آئسو لیشن میں منتقل کردیا گیا ہے جب کہ مریضوں سے رابطے میں رہنے والے افراد کو بھی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔