امریکا کے شہر ڈیلاویئر میں پاکستانی نژاد امریکی نوجوان کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور مبینہ حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق 25 سالہ لقمان خان کو 24 نومبر کی رات اس وقت حراست میں لیا گیا جب پولیس نے کینبی پارک ویسٹ کے قریب ایک ٹرک کو روکا جس میں وہ موجود تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لقمان نے گاڑی سے باہر نکلنے کے احکامات نہ مانے اور مزاحمت کی، جس پر اسے فوراً گرفتار کیا گیا۔
تلاشی کے دوران ٹرک سے پستول، میگزین اور مبینہ حملے کی منصوبہ بندی سے متعلق دستاویزات برآمد ہوئیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ان دستاویزات میں یونیورسٹی آف ڈیلاویئر کے پولیس اسٹیشن کا خاکہ، داخلی اور خارجی راستوں کی نشاندہی اور ایک پولیس افسر کا نام بھی شامل تھا۔
گرفتاری کے ایک روز بعد ایف بی آئی نے 25 نومبر کو لقمان خان کے گھر پر بھی چھاپہ مارا، جہاں سے مزید جدید اسلحہ برآمد ہوا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم پاکستانی نژاد امریکی شہری اور یونیورسٹی آف ڈیلاویئر کا طالب علم ہے، اور اس نے اسی یونیورسٹی کے پولیس ڈپارٹمنٹ پر حملے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔
گرفتاری کے بعد ملزم پرغیرقانونی مشین گن رکھنےاورحملےکی منصوبہ بندی کاالزام عائد کیاگیا، ملزم کو 11 دسمبرکو عدالت میں پیش کیا جائےگا۔
امریکی حکام نے بتایا کہ لقمان خان کا ماضی میں کوئی کریمینل ریکارڈ موجود نہیں۔