ایرانی وزیر خارجہ کا اسحاق ڈار سے رابطہ، پاک افغان کشیدگی پر ثالثی کی پیشکش

ایرانی وزیر خارجہ کا اسحاق ڈار سے رابطہ، پاک افغان کشیدگی پر ثالثی کی پیشکش فائل فوٹو ایرانی وزیر خارجہ کا اسحاق ڈار سے رابطہ، پاک افغان کشیدگی پر ثالثی کی پیشکش

ایران نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے ثالثی کی پیشکش کی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مسلسل بات چیت اور علاقائی تعاون ناگزیر ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق ہفتے کی شب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

عباس عراقچی نے ایران اور پاکستان کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مسلسل بات چیت اور علاقائی ممالک کے تعاون سے اختلافات کو کم کیا جا سکتا ہے۔


اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی ہم منصب کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ مذاکرات اور روابط کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنا تمام ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے فیصلہ کیا کہ دوطرفہ تعلقات میں مزید بہتری کے لیے مشاورت اور رابطے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ خطے میں پائیدار سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

install suchtv android app on google app store