پاکستان میں افغان شہریوں کی گرفتاریوں میں ایک ہفتے میں 146 فیصد اضافہ

پاکستان میں افغان شہریوں کی گرفتاریوں میں صرف ایک ہفتے کے دوران 146 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے فائل فوٹو پاکستان میں افغان شہریوں کی گرفتاریوں میں صرف ایک ہفتے کے دوران 146 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے

اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) اور بین الاقوامی تنظیم برائے ہجرت (آئی او ایم) کی تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں افغان شہریوں کی گرفتاریوں میں صرف ایک ہفتے کے دوران 146 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی بنیادی وجہ سرحدی گذرگاہوں کا دوبارہ کھلنا بتائی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یکم نومبر تک ختم ہونے والے ہفتے میں مجموعی طور پر 7 ہزار 764 افغان شہری گرفتار یا حراست میں لیے گئے، جو پچھلے ہفتے کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔

گرفتار افراد میں 77 فیصد غیر رجسٹرڈ افغان یا اے سی سی کارڈ ہولڈر تھے، جبکہ باقی 23 فیصد کے پاس پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کارڈ موجود تھا۔

بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں کل گرفتاریاں 86 فیصد تک پہنچ گئیں۔ سال 2025 میں یکم جنوری سے یکم نومبر تک سب سے زیادہ گرفتاری چاغی، اٹک اور کوئٹہ اضلاع میں ہوئیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اکتوبر کے آخری ہفتے میں افغان شہریوں کی واپسی اور ملک بدری کی شرح میں بھی اضافہ ہوا، واپسی کرنے والوں کی تعداد میں 101 فیصد اور ملک بدری میں 131 فیصد اضافہ ہوا۔

یکم نومبر تک ایک ہفتے میں 37 ہزار 448 افغان وطن واپس گئے، جن میں سے 7 ہزار 733 افراد کو ملک بدر کیا گیا۔

عالمی اداروں کے مطابق یہ اضافہ چمن سرحد کے دوبارہ کھلنے کے ساتھ منسلک ہے، جبکہ طورخم بارڈر بھی یکم نومبر کو دوبارہ کھولا گیا تھا۔

15 ستمبر 2023 سے یکم نومبر 2025 تک مجموعی طور پر 16 لاکھ 67 ہزار 713 افغان شہری افغانستان واپس جا چکے ہیں۔

اس دوران وطن واپسی کرنے والوں میں سب سے زیادہ پی او آر کارڈ ہولڈرز (47 فیصد) شامل تھے، اس کے بعد غیر رجسٹرڈ افغان (44 فیصد) اور اے سی سی کارڈ ہولڈرز (8 فیصد) تھے، جبکہ ملک بدری کی کارروائیوں میں 93 فیصد غیر رجسٹرڈ افغان شامل تھے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ گرفتاری کے خوف نے 93 فیصد غیر رجسٹرڈ افراد اور اے سی سی ہولڈرز کو واپس جانے پر مجبور کیا، جبکہ پی او آر ہولڈرز میں بھی 39 فیصد نے یہی وجہ بتائی، یہ رجحان یکم اپریل 2023 سے جاری ہے۔

یہ حالیہ سرگرمیاں اس سال کے دوران حکومت کی جانب سے جاری کردہ متعدد احکامات کے بعد سامنے آئی ہیں جو افغان شہریوں کو متاثر کر رہے ہیں۔

جولائی میں، حکومت نے پی او آر کارڈ ہولڈرز کی واپسی کا حکم دیا تھا، کیوں کہ ان کے کارڈز کی مدت 30 جون کو ختم ہو گئی تھی، بعد ازاں حکومت نے انہیں یکم ستمبر تک پاکستان چھوڑنے کی آخری مہلت دی تھی۔

install suchtv android app on google app store