دنیا کے امیر ترین سیاستدانوں کی فہرست جاری کر دی گئی۔
سیاستدان عموماً اپنے فیصلوں اور قیادت کی بدولت مشہور ہوتے ہیں لیکن کچھ رہنما اپنی نجی دولت کی وجہ سے بھی خبروں کی سرخیوں میں آ جاتے ہیں، دنیا میں ایسے رہنما موجود ہیں جن کی دولت اربوں ڈالر میں تخمینہ کی جاتی ہے اور جن کے اثاثے بعض اوقات کئی ممالک کی معیشت سے بھی زیادہ سمجھے جاتے ہیں۔ یاہو فنانس نے دنیا کے امیر ترین سیاستدانوں کی فہرست جاری کی ہے جس میں روس کے صدر ولادیمر پیوٹن، بیلاروس کے صدر الکسانڈر لوکاشینکو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شامل ہیں، یہ رہنما کاروبار اور سرمایہ کاری کے ذریعے اربوں ڈالر کے مالک بن چکے ہیں۔
ولادیمر پیوٹن
روسی صدر ولادیمر پیوٹن کو دنیا کے سب سے امیر سیاستدان کے طور پر شمار کیا جاتا ہے جو 200 ارب امریکی ڈالر کے مالک ہیں۔ ان کی دولت زیادہ تر توانائی اور قدرتی وسائل کی کمپنیوں میں غیر رسمی حصص پر مبنی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ان کی سیاسی اثر و رسوخ اور طویل عرصے تک حکمرانی نے ان کے دولت مند ہونے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
الیگزینڈر لوکاشینکو
بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو بھی امیر رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ان کی دولت 9 ارب امریکی ڈالر ہے تاہم ان کے اثاثوں کی تفصیلات واضح نہیں ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دولت زیادہ تر جائیداد، ہوٹل، گالف ریزورٹس اور برانڈنگ سے حاصل ہوئی ہے۔ ان کے اربوں ڈالر کے اثاثے ان کی سیاسی مدت کے بجائے کاروباری سرگرمیوں کا نتیجہ ہیں۔ ان کی دولت 7.2 ارب امریکی ڈالر پر مشتمل ہے۔
کم جونگ ان
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ کی دولت 5 ارب امریکی ڈالر بتائی جا رہی ہے لیکن اصل اعداد و شمار کی تصدیق مشکل ہے۔
شی جن پنگ
چین کے صدر شی جن پنگ کی دولت دیگر عالمی رہنماؤں کے مقابلے میں کم سمجھی جاتی ہے جو بین الاقوامی رپورٹس میں خاندان سے متعلق اثاثوں پر مبنی ہے حالانکہ چین کی سرکاری مالی تفصیلات ذاتی دولت کی تصدیق نہیں کرتی۔
تیوڈورو اوبیانگ نگویما
افریقی ملک ایکواٹوریل گنی کے صدر تیوڈورو اوبیانگ نگویما کی دولت کئی دہائیوں کے اقتدار اور خاندان کی ملکیتوں پر مبنی اندازوں سے جڑی ہوئی ہے۔ ان کی کل دولت 600 ملین امریکی ڈالر بتائی جاتی ہے۔
پال کاگامے
روانڈا کے صدر پال کاگامے بھی دنیا کے سب سے امیر سیاستدانوں میں شامل ہیں جن کی دولت مختلف عوامی اندازوں کے مطابق تقریباً 500 ملین امریکی ڈالر ہے۔
رجب طیب ایردوان
ترک صدر رجب طیب ایردوان کی دولت عوامی رپورٹس پر مبنی اندازوں پر مبنی ہے جو اثاثوں، سرمایہ کاریوں اور طویل سیاسی کیریئر سے جڑی ہوئی ہے۔ ان کی دولت 500 ملین امریکی ڈالر بتائی جاتی ہے۔
الہام علیوف
آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی دولت خاندان کے کاروبار اور قومی اثاثوں پر مبنی تخمینے کے مطابق 500 ملین امریکی ڈالر ہے۔
سیرل رامافوسا
جنوبی افریقی صدر سیرل رامافوسا کی دولت تقریباً 450 ملین امریکی ڈالر بتائی جاتی ہے جو زیادہ تر کاروباری کیریئر، کان کنی، مالیات اور زراعت میں سرمایہ کاری سے حاصل ہوئی ہے۔