ٹیم ڈائریکٹر ابھی سے ہی کپتان کے فیصلوں پر اعتراض کرنے لگے۔
سڈنی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں عامر جمال کو تاخیر سے بولنگ دینے کا فیصلہ ڈائریکٹر محمد حفیظ کی سمجھ میں نہ آیا، پیسر 18وکٹوں کے ساتھ سیریز کے دوسرے کامیاب ترین بولر رہے، کینگروز نے 130رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو شان نے عامر جمال کو اس وقت بولنگ دی جب فتح کیلیے 33رنز کی ضرورت تھی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس حوالے سے سوال پر محمد حفیظ نے کہا کہ عامر جمال کو پہلے بولنگ دینا چاہیے تھی،بہرحال یہ کپتان کی صوابدید ہوتی ہے، انھوں نے آف اسپنر کو ترجیح دی، میدان کے اندر کی صورتحال کپتان ہی بہتر جانتا اور اس کو فیصلوں کا حق حاصل ہے، مجموعی طور پر شان مسعودنے سیریز میں وقت پر درست فیصلے کیے۔