خواجہ فاروق احمد آزاد کشمیر کے قائم مقام وزیراعظم مقرر

خواجہ فاروق احمد فائل فوٹو خواجہ فاروق احمد

توہین عدالت کیس میں وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی نااہلی کے بعد سینئر وزیر خواجہ فاروق احمد قائم مقام وزیراعظم بن گئے۔ نئے قائد اعوان کے انتخاب تک خواجہ فاروق قائم مقام وزیراعظم کے فرائض سر انجام دیں گے۔

قائم مقام وزیراعظم آزاد کشمیر کی سمری پر صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے دستخط کرکے سمری چیف سیکریٹری کو بجھوا دی۔

صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی جانب سے خواجہ فاروق احمد کو وزیر اعظم مقرر کرنے کی سمری کی منظوری کے بعد چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو توہین عدالت کیس میں آزاد کشمیر ہائیکورٹ کی جانب سے گزشتہ روز نااہل قرار دیے جانے کے فیصلے کے نتیجے میں وزیراعظم کا عہدہ خالی ہوگیا تھا۔

صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے عبوری آئین 1974 کے آرٹیکل 17 ون کے تحت موسٹ سینئر وزیر خواجہ فاروق احمد کو نئے وزیراعظم کے انتخاب تک وزیراعظم کے فرائض سرانجام دینے کی منظوری دی ہے۔

نئے وزیراعظم کے انتخاب تک آزاد کشمیر کابینہ قائم رہے گی، سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی طرف سے صوابدیدی عہدوں پر تعینات تمام مشیر، معاونین خصوصی اور وزیراعظم کے اسٹاف میں شامل تمام سیاسی افراد وزیراعظم کے نااہل ہوتے ہی خود بخود عہدوں سے فارغ ہوگئے ہیں۔

خواجہ فاروق احمد کا شمار آزاد کشمیر کے سینئر ترین پارلیمنٹرین میں ہوتا ہے جو 1975 میں پارلیمانی نظام کے تحت قائم ہونے والی آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔

 

install suchtv android app on google app store