آرمی چیف کا آئی جی سندھ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات کا حکم

  • اپ ڈیٹ:
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ فائل فوٹو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ دنوں کراچی میں پیش آنے والے واقعےکی تحقیقات کے احکامات جاری کردیے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے کور کمانڈر کراچی کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کی تحقیقات کریں اور تمام حقائق کو سامنے لاتے ہوئے فوری طور پر رپورٹ پیش کریں۔

خیال رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زردای نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ کے گھر کا گھیراؤ کرنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹننٹ جنرل فیض حمید سے محکمانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز جو مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے ساتھ ہوا، میں اس پر شرمندہ ہوں اور منہ دکھانے کے قابل نہیں ہوں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: بلاول نے آرمی چیف سے آئی جی سندھ کے گھر گھیراؤ پر تحقیقات کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ قائد کے مزار پر ایک نعرہ لگانے پر تماشا کھڑا ہوگیا، عمران خان خود بھی مزار قائد جاتے تھے تو ایسے ہی نعرے لگائے جاتے تھے لیکن کسی نے ایف آئی کاٹنے کی کوشش نہیں کی۔

بلاول کا کہنا تھا کہ صبح سویرے صوبے کے آئی جی کو ہراساں کرکے گرفتار کرنا، ان کی تذلیل ہے، وزیراعلیٰ نے تحقیقات کا اعلان کیا، پولیس کے افسران کی عزت کا سوال بن گیا ہے اور وہ استعفے اور چھٹیوں پر جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کون لوگ تھے جنہوں نے رات 2 بجے کے بعد آئی جی کے گھر کا گھیراؤ کیا، کون دو لوگ تھے جو آئی جی کو نامعلوم مقام پر لیکر گئے۔

مزید جانیے: کیپٹن صفدر پر مقدمے کا معاملہ، آئی جی سندھ سمیت اعلیٰ پولیس افسران کا چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ

پی پی چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ آرمی جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی جنرل فیض حمید واقعے کی تحقیقات کریں۔

واضح رہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کیخلاف مقدمے کے معاملے پر بیرونی دباؤ کی وجہ سے آئی جی سندھ سمیت سندھ پولیس کی اعلیٰ قیادت نے احتجاجاً چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

install suchtv android app on google app store