پاکستانی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کراچی کی موجودہ بگڑتی ہوئی حالت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ شہر کے ذمہ داران خود کراچی کے باسی ہیں، تو کیا انہیں اپنے شہر سے محبت نہیں؟
انسٹاگرام پر جاری ویڈیو پیغام میں بشریٰ انصاری نے کہا کہ شہر میں گندگی، ٹوٹے ہوئے سڑکیں، ناقص انفراسٹرکچر اور ناکارہ صفائی کے نظام کی صورتحال پریشان کن حد تک بڑھ گئی ہے۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ کراچی پورے ملک کو روزگار فراہم کرنے والا شہر ہے، مگر گزشتہ دہائیوں میں اس کی بہتری کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا، میں کسی حکومتی پارٹی کے خلاف نہیں کہہ رہی، لیکن جو ذمہ داران ہیں، وہ تو کچھ کریں۔
اداکارہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مل کر تبدیلی کے لیے آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ لیکن آخر یہ درخواست کس کے خلاف ہوگی؟ چاہے سیاست دان ہوں یا حکام، گزشتہ 30–40 سالوں میں کسی نے بھی کراچی کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں کیے۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ کراچی کے لوگ اب بھی پر امید اور مہمان نواز ہیں، تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ صرف باتوں تک محدود نہ رہا جائے بلکہ عملی اقدامات جیسے صفائی، انفراسٹرکچر کی بحالی اور منظم نظام کی بحالی کیے جائیں۔