شہر قائد کی 20 اہم شاہراہوں پر 3 اور 5 سیٹر رکشوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
کراچی کی 20 اہم شاہراہوں پر رکشوں کے داخلوں پر پابندی سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ جس کے مطابق کراچی میں رکشوں کی پابندی کا دائرہ بڑھا کر 26 مرکزی شاہراہوں تک کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کی سفارش پر کراچی میں رکشوں کی آمدورفت محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اور شارع فیصل سے آئی آئی چند ریگر روڈ تک رکشوں کی ممانعت فوری طور پر نافذ العمل ہو گئی۔
کراچی کی 20 سڑکوں پر رکشہ پابندی 18 اکتوبر سے 17 دسمبر تک مؤثر قرار دی گئی۔ اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے کمشنر کراچی نے سیکشن 144 کے تحت پابندی نافذ کر دی۔ خلاف ورزی کی صورت میں ایس ایچ اوز کو مقدمات درج کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ محکموں اور ڈپٹی کمشنرز کو تمام احکامات پر فوری اور سخت عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ کمشنر کراچی نے مزید 6 بڑی شاہراہوں پر فور پلس ون رکشوں کی آمدورفت پر مکمل پابندی عائد کر دی۔
ٹریفک پولیس کی نئی سفارشات پر رکشہ پابندی کے دائرہ کار میں باضابطہ توسیع کر دی گئی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق نئی 6 شاہراہوں پر رکشہ پابندی پہلے سے جاری نوٹیفکیشن کے مساوی مدت کے لیے نافذ رہے گی۔ اور اضافی سڑکوں پر پابندی عوامی تحفظ، ٹریفک مینجمنٹ اور شہری سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے لگائی گئی ہے۔ سیکشن 144 کے تحت نئی پابندی فوری طور پر نافذ کرنے کا کمشنر کراچی نے حکم جاری کر دیا۔