ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 990 ہوگئی، 18 افراد صحتیاب ہوگئے

ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 990 ہوگئی، 18 افراد صحتیاب ہوگئے فائل فوٹو ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 990 ہوگئی، 18 افراد صحتیاب ہوگئے

ملک بھر میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 990 ہوگئی جبکہ 18 افراد صحتیاب ہوگئے ہیں۔ 

اگر تازہ اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گلگت بلتستان میں 9 مزید کیسز رپورٹ ہونے سے علاقے کے متاثرین کی تعداد 80 ہوگئی جبکہ ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 958 تک جاپہنچی ہے۔

پاکستان کی مجموعی صورتحال

کورونا وائرس کے باعث اگر پاکستان کی مجموعی صورتحال کی بات کریں تو اس عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے چاروں صوبوں، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں سول انتظامیہ کی مدد کیلئے فوج تعینات کردی گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان ملک بھر میں مکمل لاک ڈاؤن سے انکار کرچکے ہیں تاہم صوبوں اور دیگر علاقوں کی جانب سے اپنی حدود میں لاک ڈاؤن اور مختلف طرح کی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ کی بات کریں تو یہاں 23 مارچ سے 15 روز کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا آغاز ہوچکا ہے۔

اس لاک ڈاؤن کے دوران تمام کاروباری مراکز، شامنگ مالز، نجی و سرکاری دفاتر، پارکس، ٹرانسپورٹ، دکانیں بند ہیں، بلاضرورت گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے جبکہ رسٹورنٹس کو بھی مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے، ساتھ ہی ڈبل سواری پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔

 پنجاب

پنجاب میں آج مزید 3 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 296  ہوگئی ہے۔

فیصل آباد میں پہلا کیس رپورٹ

ترجمان محکمہ صحت کا کہناہے کہ فیصل آباد میں کورونا وائرس کا پہلا مریض سامنے آگیا، شہری نے پرائیویٹ لیب سے ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا۔

ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ متاثرہ مریض کے اہلخانہ کے بھی ٹیسٹ کئے جائیں گے۔

کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے پنجاب بھر میں 14 روز کا جزوی لاک ڈاؤن ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: پنجاب میں 14 روز کیلئے جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان

سندھ

سندھ میں آج مزید افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد صوبے میں اب تک کُل کیسز کی تعداد 410 ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں: کوروناوائرس: 88 سالہ ریٹائرڈ شخص کا وزیراعلیٰ کو ایک ملین کا عطیہ

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق کراچی میں 3 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد کراچی میں متاثرہ افراد کی تعداد 132 تک جاپہنچی ہے جب کہ ایک مریض کا تعلق حیدرآباد اور ایک کا دادو سے ہے۔

 خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں مزید 40 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد صوبے بھر میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 78 ہوگئی ہے۔

صوبے میں مہلک وائرس اب تک 3 افراد کی جان لے چکا ہے جبکہ دیگر 78 متاثرہ افراد تاحال زیرعلاج ہیں۔

بلوچستان 

بلوچستان  میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد110 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 9 کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد 80 ہوگئی ہے۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق سکردو میں کورونا کے دو مریض مکمل صحتیاب ہوگئے ہیں تاہم حکومتی سطح پر اب تک تصدیق سامنے نہیں آئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں اب تک 15 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ 


اسلام آباد میں تبلیغی جماعت کے 6 غیرملکی افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

گزشتہ روز اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو کی تحصیل کوٹھ ہتھیال میں کورونا وائرس کے 6 مریضوں کی تصدیق ہوئی جن کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے۔

محکمہ صحت نے پورے علاقے کو قرنطینہ میں تبدیل کردیا ہے جبکہ میڈیکل رپورٹس آنے تک مشتبہ افراد کومسجد میں ہی رکھا جائے گا۔

بارہ کہو کے علاقے میں تبلیغی جماعت کے 6 غیرملکی افراد میں کوروناوائرس کی تصدیق ہوگئی۔ اسسٹنٹ کمشنر سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ کوٹھ ہتھیال میں تبلیغی جماعت 13 لوگوں پر مشتمل تھی جن میں تمام افراد کے میڈیکل ٹیسٹ لے لیے گئے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا اب تک ایک ہی کیس رپورٹ ہوا ہےجب کہ ریاست میں حکومت نے شہریوں سے احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے۔

اموات

اس وائرس سے متاثرہ افراد کے علاوہ 7 افراد انتقال بھی کرچکے ہیں، جس میں 3 کا تعلق خیبرپختونخوا، ایک کا سندھ، ایک کا گلگت بلتستان اور ایک بلوچستان سے ہے۔

صحتیاب

مہلک وائرس سے اب تک 18 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 12 کا تعلق سندھ، 4 کا گلگت بلتستان اور 2 کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔

کورونا وائرس کے پیشِ نظر وزیراعظم عمران خان کا بڑا ریلیف پیکج کا اعلان

وزیراعظم عمران خان نے ملک میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث معاشی سرگرمیوں میں آنے والے تعطل اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مختلف شعبہ جات کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کردیا۔

حکومت اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی ہے ملک میں فیصلے چھوٹے سے الیٹ طبقے کو دیکھ کر کیے جاتے ہیں غلط فیصلہ کرکے معاشرے میں تباہی نہیں لانا چاہتے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں15 روپے کی فوری کمی کی گئی ہے، بجلی اور گیس کے بل قسطوں میں ادا کیے جاسکتے ہیں، طبی سامان کے لیے 50 ارب روپے وقف کیا گیا ہے جبکہ کھانے پینے کی اشیا پر بھی ٹیکس کم کر دیے گیے ہیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ مزدوروں کے لیے 200 ارب روپے وقف کیے گئے ہیں اور ایکسپورٹ انڈسٹری کو فوری بنیاد پر 100 ارب روپے کے ٹیکس ری فنڈ فراہم کیے جائیں گے، چھوٹی صنعت اور زرعی شعبے کے لیے بھی 100 ارب روپے وقف کیے گئے ہیں اور ان کے لیے کم سود پر قرضے بھی دیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے غریبوں کے بارے میں سوچتا ہوں کہ وہ ان حالات میں کہاں سے اپنے گھر کا چولہا جلائیں گے، اٹلی، چین جیسے معاشی حالات ہوں تو کرفیو لگانا آسان اقدام ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے فیصلے ایک چھوٹی سے ایلیٹ کلاس کو دیکھ کر کیے جاتے ہیں،کورونا وائرس کے پیش نظر بھی لاک ڈاؤن کو لیکر عمومی سوچ یہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب اور کابینہ اراکین کا ایک ماہ کی تنخواہ کورونا فنڈز میں دینے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی اور اپنے کابینہ اراکین کی ایک ماہ کی تنخواہ کورونا بچاؤ فنڈز میں دینے کا اعلان کردیا۔

لاہور میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے سب سے پہلے کورونا کا علاج کرنے کے دوران فوت ہونے والے ڈاکٹر اسامہ کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے محکمہ صحت کو جاری کیے گئے 11 ارب روپے کی منظوری دی جس میں پی ڈی ایم اے کو 2 ارب جبکہ ضلع حکومتوں کو 60 کروڑ روپے اور بلوچستان حکومت کو دیے جانے والے ایک ارب روپے کی توثیق شامل ہے۔

 

install suchtv android app on google app store