انڈر 19 ایشیا کرکٹ کپ کے پانچویں میچ میں پاکستان کے خلاف بھارت کی ٹیم 240 رنز پر آؤٹ ہو گئی، پاکستان کو جیت کے لیے 241 رنز درکار ہیں۔
آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی دبئی میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
بھارتی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بنا لئے، آیوش مہاترے 38، ویبھو سوریاونشی 5، ویہان ملہوترا 12 اور ویڈانت ترویدی 7 رنز بنا کر پویلین لوٹے، ابھیگیان کنڈو 22، آرون جارج 85، کھیلان پٹیل 6، کنشک چوہان 46، ہینل پٹیل 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے محمد صیام نے 3، عبدالسبحان اور نقاب شفیق نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ بارش کے سبب ٹاس تاخیر کا شکار ہوا اور میچ 49 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ کا کوئی پریشر نہیں ہے، ہمارے لئے یہ ایک نارمل گیم ہے، تمام کھلاڑی پراعتماد ہیں، ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، دانیال کی جگہ محمد سبحان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایشیا کپ میں بھی بھارت کے خلاف میچ کھیل چکے ہیں، اپنے بولنگ یونٹ پراعتماد ہے، بھارتی ٹیم کو کم سے کم سکور پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں ملائیشیا اور بھارت نے یو اے ای کو شکست دی تھی۔