اسلام آباد اور کراچی میں کورونا وائرس کا مزید ایک ایک کیس سامنے آنے کے بعد ملک میں مریضوں کی مجموعی تعداد 30 ہو گئی ہے جبکہ دو مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔
پمز اسپتال کے حکام کے مطابق اسلام آباد میں امریکا سے آئی خاتون میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کی حالت تشویشناک ہے اور اسے وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کا بتانا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ خاتون کی عمر 30 سال ہے اور وہ امریکا سے چند دن پہلے ہی پاکستان واپس آئی ہے، خاتون کو نجی اسپتال سے پمز لایا گیا۔
ملک میں کورونا وائرس کے دوسرے مریض کی تصدیق کراچی میں ہوئی ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق متاثرہ مریض کچھ دن قبل سعودی عرب سے کراچی پہنچا تھا اور علامات ظاہر ہونے پر ٹیسٹ کیا گیا جو آج مثبت آیا ہے۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ مزید ایک شہری میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد صوبے بھر میں مجموعی تعداد 16 ہوگئی ہے جن میں سے 2 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں: بڑی خبر؛ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 28 ہوگئی ...
دوسری جانب وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ کورونا وائرس کے روز مرہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 28 ہے تاہم اس میں اسلام آباد اور کراچی میں نئے کیسز شامل نہیں۔
اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں 6، جبکہ اسلام آباد میں 4 اور گلگت بلتستان میں 3 مریض ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا وائرس کے حوالے سے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، چیف سیکرٹریز، مسلح افواج کے سربراہان سمیت دیگر حکام شریک تھے۔
اجلاس میں کورونا وائرس کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور کئی بڑے فیصلے کیے گئے۔
قومی سلامتی کمیٹی نے افغانستان اور ایران کے ساتھ سرحد کو 14 روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ ملک بھر میں تعلیمی ادارے اور مدارس بھی 5 اپریل تک بند رہیں گے۔
مزید جانیے: قومی سلامتی کمیٹی کے بڑے فیصلے؛ تمام تعلیمی ادارے 5 اپریل تک بند کرنےکا فیصلہ
چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے چین میں ہلاکتوں کی تعداد گھٹتی جارہی ہے لیکن دنیا بھر میں خصوصاً اٹلی اور ایران میں جاں بحق افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
چین میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے باعث 13 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 3189 ہوگئی ہے۔
چین میں 24 گھنٹوں میں صرف 11 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد 80824 ہوگئی ہے۔
چین کے علاوہ کورونا وائرس 130 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے جہاں سیکڑوں افراد مہلک وائرس سے متاثر ہیں۔
اٹلی میں اب تک 1266 اور ایران میں 611 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ چین کے علاوہ دنیا بھر میں مجموعی طور پر 2358 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔