پاکستان نے سڈنی میں پیش آنے والے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے حملے میں جاں بحق اور زخمی افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کے عذاب سے گزرا ہے، اس لیے ایسے واقعات سے معاشروں کو پہنچنے والے درد اور صدمے کو بخوبی محسوس کرتا ہے۔
صدر مملکت نے آسٹریلیا کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے دہشت گردی کی ہر شکل کے خلاف پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہرایا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتا ہے اور اس مشکل وقت میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ساتھ آسٹریلوی حکومت اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
دریں اثنا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سڈنی میں پیش آنے والے دہشت گردانہ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے آسٹریلیا کے عوام اور حکومت سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیرداخلہ نے پیغام میں کہا کہ دہشت گردی انسانیت کے خلاف ناقابل معافی جرم ہے اور اس خطرے کا پاکستان کو سامنا ہے، ہم آسٹریلوی عوام کے درد کو سمجھتے ہیں۔
یاد رہےکہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر مسلح افراد نے شہریوں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور40 زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کا واقعہ سڈنی کے بونڈی بیچ پر پیش آیا جہاں 2 افراد نے شہریوں پر فائر کھول دیا۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں فائرنگ کرنے والا ایک شخص مارا گیا اور دوسرے حملہ آور کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا۔