صدر آصف علی زرداری متحدہ عرب امارات کے چار روزہ سرکاری دورے پر ابوظہبی پہنچ گئے۔ زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر متحدہ عرب امارات کے وزیرِ انصاف عبداللہ بن سلطان بن عواد النعیمی نے صدر کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران خاتونِ اول بیگم آصفہ بھٹو زرداری اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی صدر کے ہمراہ ہیں۔
بعدمیں صدر آصف علی زرداری نے ایئرپورٹ پر متحدہ عرب امارات کے وزیرِ انصاف عبداللہ بن سلطان بن عواد النعیمی سے ملاقات کی۔
اپنے قیام کے دوران صدر متحدہ عرب امارات کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
ان ملاقاتوں میں تجارت، اقتصادی تعاون، دفاع، سلامتی اور عوامی روابط کے فروغ پر توجہ دی جائے گی۔
صدر کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات اور شراکت داری کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔