عمران خان نے جسٹس فائز عیسیٰ کیس ریفرنس دائر کرنے کا کہا: فروغ نسیم

سابق وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم فائل فوٹو سابق وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم

سابق وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ جسٹس فائز عیسیٰ کیس میں عمران خان نے اے آر یو کے مواد کی بنیاد پر ریفرنس دائر کرنے کا کہا۔

 سابق وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ذاتی طور پر کوئی بھی رنجش نہیں رکھتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جسٹس فائز عیسیٰ سے متعلق سمری صدر اور وزیر اعظم کی منظور ی کے بغیر منتقل نہیں ہوتی، ہماری عدلیہ عمران خان کے خلاف نہیں ہے۔

سابق وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا کہ جسٹس فائز عیسیٰ کیس میں عمران خان نے اے آر یو کے مواد کی بنیاد پر ریفرنس دائر کرنے کا کہا، ایسٹس ریکوری یونٹ وزیر اعظم کے ماتحت تھا۔

بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ میں عام طور پر تحمل مزاج اور صوابدیدکا استعمال کرتا ہوں،ریکارڈ کی درستگی کے لیے میرے پاس کافی مواد موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ جسٹس فائز عیسیٰ ریفرنس سے متعلق فواد چودھری کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے، فواد چودھری یہ کہنا چاہتے ہیں وزیر اعظم یہ ریفرنس بھیجنے کے ذمہ دار نہیں ہیں۔

سابق وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ ریفرنس وفاقی کابینہ میں کبھی پیش ہی نہیں کیا گیا، فواد چودھری کی بات سچ ہے تو وہ کابینہ کی میٹنگ کے منٹس سامنے لائیں۔

install suchtv android app on google app store