سمندری طوفان شکتی کے باعث کوئٹہ مٹی کے طوفان کی لپیٹ میں آگئے، جس کے باعث حد نگاہ بھی کم ہوکررہ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان شکتی کے اثرات بلوچستان تک پہنچ گئے، وسطی اور شمالی بلوچستان کے کئی علاقے شدید گرد و غبار اور مٹی کے طوفان کی لپیٹ میں آگئے۔
جس کے باعث صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں فضا گرد آلود ہونے سے حدِ نگاہ انتہائی کم ہوگئی ، شدید گرد آلود موسم کے باعث شہریوں، خصوصاً دمہ اور سانس کے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مکران کی ساحلی پٹی کے قریب سے گزرنے والے سمندری طوفان شکتی کے نتیجے میں ہواؤں کا رخ سمندر کی جانب ہو گیا ہے۔
جس کے باعث قندھار سے اٹھنے والا گردوغبار وسطی بلوچستان تک پھیل گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران موسم بتدریج صاف ہونا شروع ہو جائے گا۔
تاہم کوئٹہ اور چمن میں خشک اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو مزید سرد کر دیا ہے۔
دوسری جانب بالائی علاقوں میں پڑنے والی برفباری نے ٹھنڈ کی شدت بڑھادی، دیامراورچلاس میں برفباری سےہرسو سفیدی چھا گئی۔
کاغان کے پہاڑوں نےبرف کی چادراوڑھ لی،بابو سر ٹاپ پرچودہ انچ برف پڑچکی ہے۔
جبکہ جھیل سیف الملوک،بٹہ کنڈی، جلکھڈ، بیسر، نوری ٹاپ میں بھی برفباری ہوئی۔
کالام میں موسم سرما کی پہلی برفباری سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کردی ہے جبکہ شانگلہ کے پہاڑوں پر بھی برفباری نے موسم ٹھنڈا کردیا ہے۔