امریکی ریاست ٹیکساس میں 23 سالہ یونیورسٹی طالبہ رائلی ہل، 3 پِٹ بُلز کے حملے میں ہلاک ہو گئی جن کی وہ دیکھ بھال کر رہی تھی۔
واقعہ 21 نومبر کی دوپہر ٹائلر کے ایک گھر میں پیش آیا، جب ہل کتوں کو اندر لانے کے لیے پچھلے صحن میں گئی جہاں تینوں کتوں نے اس پر حملہ کر دیا۔ چیخ پکار اور کتوں کا شور سن کر ایک پڑوسی نے امدادی سروسز کو بلایا۔ اسمِتھ کاؤنٹی شیرف کے ڈپٹی موقع پر پہنچے تو ہل زخمی حالت میں زمین پر پڑی تھی اور تینوں پِٹ بُلز ان کی طرف بڑھ رہے تھے۔
ڈپٹی نے اپنی جان بچانے اور امدادی اہلکاروں کو موقع دینے کے لیے ایک کتے کو گولی مار کر ہلاک کیا، جس کے بعد باقی 2 کتوں کو تحویل میں لے لیا گیا۔ رائلی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لا کر جان کی بازی ہار گئیں۔
رائیلی میڈیسن یونیورسٹی آف ٹیکساس کی طالبہ تھیں اور 6 ماہ بعد گریجویشن کرنے والی تھیں۔
ان کی والدہ، جینیفر ہبل، نے بتایا کہ ان کی بیٹی کئی ہفتوں سے اس گھر کے بچوں اور کتوں کی دیکھ بھال کر رہی تھی۔ ان کے مطابق لڑکی نے کچھ دنوں سے کتوں کے رویّے میں تبدیلی محسوس کی تھی لیکن وہ سمجھتی تھیں کہ حالات قابو میں ہیں۔ اسمِتھ کاؤنٹی شیرف نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔