بچی نے اپنی زندگی خطرے میں ڈال کر منجمد جھیل سے بچے کو کیسے بچایا؟

بچی نے منجمد جھیل سے بچے کو بچایا فائل فوٹو بچی نے منجمد جھیل سے بچے کو بچایا

چین میں ایک 13 سالہ بچی کو ننھی ہیرو قرار دیا گیا ہے جس نے ایک 4 سالہ بچے کو بچانے کے لیے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال دیا۔

یہ واقعہ 6 دسمبر کو شمال مغربی چین کے علاقے ٹونگشین کاؤنٹی میں پیش آیا، جہاں یہ بچہ ایک منجمد جھیل کے اندر گر گیا تھا۔

یہ بچہ منجمد جھیل کی سطح پر کھیل رہا تھا جب وہ اس پر موجود ایک سوراخ سے پانی کے اندر گرگیا۔

جب اس کی پریشان اور خوفزدہ ماں جھیل کے کنارے امدادی ورکرز کی آمد کا انتظار کر رہی تھی، تو ایک بچی وہاں آئی اور مدد کی پیشکش کی۔

بچی نے خاتون سے کہا کہ 'آنٹی مجھے وہاں جاکر اسے بچانے دیں'۔

اس نے ایک پائپ لیا اور برف کی سطح پر رینگنے لگی، مگر برف کی سطح چٹخنے سے وہ بھی پانی کے اندر چلی گئی۔

خوش قسمتی سے فائر فائٹرز وہاں پہنچ گئے اور دونوں بچوں کو برفانی پانی سے باہر نکال لیا۔

فائر فائٹرز نے بچی کو کمبل دیا کیونکہ منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ والے پانی میں رہنے سے اسے ٹھنڈ لگ رہی تھی۔

پھر یہ بچی کسی کو بھی اپنا نام بتائے بغیر خاموشی سے وہاں سے چلی گئی۔

اس واقعے کے دوران اس کی تصویر ایک راہ گیر نے لی تھی جو انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی جبکہ بچے کے والدین بھی اس کا شکریہ ادا کرنا چاہتے تھے۔

انٹرنیٹ کی بدولت بتدریج بچی کی شناخت ہوئی جو ٹونگشین کاؤنٹی کے ایک اسکول کی طالبہ ہیں اور اس کا نام لی جیاٹینگ ہے۔

بچی کے والد کے مطابق جب ان کی بیٹی اس دن گھر واپس آئی تو خود کو گرم کرنے کے لیے چولہے کے سامنے بیٹھ گئی، کیونکہ اس کے کپڑے گیلے تھے۔

والد نے بتایا کہ 'جب میں نے پوچھا کہ اس کے ساتھ کیا ہوا ہے تو اس نے بس یہ کہا کہ ایک گاڑی سے پانی اچھل کر اس پر گر گیا تھا'۔

والد کو اپنی بیٹی کی بہادری کا علم اس وقت ہوا جب انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹس کو دیکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی ہمیشہ دوسروں کی مدد کے لیے تیار رہتی ہے، مگر اب اسے کہنا چاہتا ہوں کہ اگلی بار دوسروں کو بچانے سے قبل اپنے تحفظ کو بھی یقینی بنائے۔

install suchtv android app on google app store