کون سا نمک صحت کیلئے زیادہ فائدہ مند ہے، جانیے ماہرین کا انتخاب

روزمرہ استعمال ہونے والا نمک صرف ذائقہ ہی نہیں بلکہ صحت پر بھی گہرا اثر ڈالتا ہے، تاہم تمام اقسام کے نمک یکساں نہیں ہوتیں۔

غذائی ماہرین کے مطابق مختلف نمکوں کے فوائد اور نقصانات مختلف ہوتے ہیں، اس لیے درست انتخاب نہایت ضروری ہے۔ عام ٹیبل نمک سب سے زیادہ پروسیس شدہ ہوتا ہے، اگرچہ اس میں آیوڈین شامل کی جاتی ہے جو تھائرائیڈ کے لیے ضروری ہے، تاہم اس میں قدرتی معدنیات کی کمی ہوتی ہے اور اس میں مختلف کیمیائی اجزا بھی شامل ہو سکتے ہیں۔

ہمالیائی گلابی نمک قدرتی معدنیات جیسے کیلشیم، میگنیشیم اور پوٹاشیم پر مشتمل ہوتا ہے اور ذائقے کے لحاظ سے بہتر سمجھا جاتا ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس میں آیوڈین موجود نہیں ہوتی، اس لیے اسے واحد نمک کے طور پر استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

کالا نمک ہاضمے کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے اور چٹپٹے کھانوں میں ذائقہ بڑھاتا ہے، تاہم اس کی تیز خوشبو اور ذائقے کے باعث اسے محدود مقدار میں استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

اسی طرح سمندری نمک قدرتی معدنیات برقرار رکھتا ہے، تاہم بعض غیر معیاری اقسام میں مائیکرو پلاسٹک کے ذرات کی موجودگی کی رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں، اس لیے ماہرین معیاری اور مستند برانڈز کے استعمال پر زور دیتے ہیں۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ نمک کا اعتدال سے استعمال بے حد ضروری ہے۔ روزانہ نمک کی مقدار 5 گرام سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے، کیونکہ زیادہ نمک کا استعمال ہائی بلڈ پریشر اور دل کے امراض کے خطرات میں اضافہ کر سکتا ہے۔

ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ غذائی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے نمک کا محتاط اور متوازن استعمال ہی صحت مند طرزِ زندگی کی ضمانت ہے۔

install suchtv android app on google app store