بچا ہوا گوندھا ہوا آٹا محفوظ رکھنا گھروں میں عام روایت ہے۔ زیادہ تر لوگ اسے اگلے دن استعمال کرنے کے لیے فریج میں رکھ دیتے ہیں تاکہ وقت اور محنت دونوں بچ سکیں۔
مگر اہم سوال یہ ہے کہ کیا ایسا آٹا واقعی صحت کے لیے محفوظ ہوتا ہے؟ ماہرینِ غذائیت کے مطابق آٹا دکھائی دینے سے کہیں زیادہ حساس ہوتا ہے۔
آٹا صرف آٹے اور پانی کا ملاپ نہیں بلکہ نمی اور کاربوہائیڈریٹس کا ایسا مجموعہ ہے جو غلط طریقے سے محفوظ کیے جانے کی صورت میں بیکٹیریا کی افزائش کے لیے موزوں ماحول فراہم کرتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آٹا درست طریقے سے فریج میں رکھا جائے تو اسے 24 گھنٹوں کے اندر دوبارہ استعمال کرنا محفوظ ہے۔
اس سے زیادہ دیر تک رکھنے سے نہ صرف اس کا معیار متاثر ہوتا ہے بلکہ صحت کے لیے بھی خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
غلط طریقے سے آٹا محفوظ کرنے کے اثرات
بیکٹیریا کی افزائش:
اگر آٹا 8 سے 10 گھنٹے تک کمرے کے درجہ حرارت پر پڑا رہے تو اس میں ای کولی اور سالمونیلا جیسے نقصان دہ بیکٹیریا بڑھنے کا امکان ہوتا ہے۔
خوشبو اور ذائقے میں تبدیلی:
زیادہ دیر رکھنے سے آٹے میں خمیر بننا شروع ہو جاتا ہے، جس سے کھٹی یا باسی خوشبو پیدا ہو سکتی ہے۔
ٹیکچر میں بگاڑ:
فریج میں رکھا آٹا خشک یا سخت ہو جاتا ہے، جس کے باعث اسے دوبارہ گوندھنے یا استعمال کرنے میں مشکل پیش آتی ہے۔
آٹے کو کتنی دیر تک محفوظ کیا جا سکتا ہے؟
کمرے کے درجہ حرارت پر: 2 سے 3 گھنٹے تک۔
فریج میں (ہوا بند کنٹینر میں): 12 سے 24 گھنٹے تک۔
فریز کرنا: اگر اچھی طرح سے لپیٹ کر رکھا جائے تو 2 ماہ تک محفوظ رہ سکتا ہے۔
اگر آٹا صحیح طریقے سے محفوظ کیا ہو، تو اس کا ذائقہ یا ساخت زیادہ متاثر نہیں ہوگی، مگر اگر آٹا خشک یا سخت ہو جائے، تو اسے نرم کرنے کے لیے آپ چند آسان طریقے استعمال کر سکتے ہیں،
گرم پانی کی ایک چمچ ڈال کر نرم کر لیں۔
گھی یا تیل کی ہلکی سی تہہ لگا کر آٹے کو نرم کر لیں۔
رول کرنے سے پہلے اسے 10 سے 15 منٹ کے لیے کمرے کے درجہ حرارت پر رکھیں۔
آٹے کے خراب ہونے کی علامات
اگر آپ کو آٹے میں یہ علامات نظر آئیں تو اسے استعمال نہ کریں:
سخت یا بدبو دار ہو۔
چپچپا یا چمچماتا محسوس ہو۔
کالا، سفید یا سبز پھپھوندی ظاہر ہو۔
سطح کا رنگ بدل جائے۔
غذائیت کے ماہرین کے مطابق، 24 گھنٹے سے زیادہ پرانا آٹا پیٹ میں بے چینی، گیس اور بدہضمی کا باعث بن سکتا ہے۔
خراب آٹا کھانے سے بعض افراد کو تیزابیت اور اپھارہ بھی ہو سکتا ہے۔
خاص طور پر بچے، حاملہ خواتین اور بزرگ افراد کو خراب آٹے سے فوڈ پوائزننگ کا خطرہ زیادہ ہو سکتا ہے۔
ڈو کے لیے محفوظ ذخیرہ کرنے کے بہترین طریقے
آٹے کو اچھی طرح سے کلنگ فلم یا ورق میں لپیٹ کر رکھیں۔
ہوا بند کنٹینر میں رکھیں۔
اس پر گھی یا تیل کی ہلکی تہہ لگا کر رکھیں۔
تاریخ اور وقت کا لیبل لگائیں تاکہ آپ کو پتا ہو کہ آٹا کب بنایا تھا۔
بچا ہوا آٹا اگر صحیح طریقے سے ذخیرہ کیا جائے تو اگلے دن استعمال کرنا محفوظ ہو سکتا ہے۔ تاہم، تازہ گوندھا ہوا آٹا ہمیشہ بہتر رہتا ہے کیونکہ اس کا ذائقہ اور ساخت اچھی ہوتی ہے۔
اگر آپ کو وقت کی کمی ہو تو فریج میں رکھا آٹا بھی ایک مناسب متبادل ہو سکتا ہے، مگر اس کا صحیح طریقے سے ذخیرہ کرنا ضروری ہے۔