رات کو وٹامنز اور غذائی سپلیمنٹس لینا یاد رکھنے کا آسان طریقہ لگ سکتا ہے، لیکن سبھی سپلیمنٹس نیند کے لیے موزوں نہیں ہوتے۔
تحقیق اور ماہرین کے مطابق، کچھ وٹامنز اور معدنیات سونے سے پہلے لینے سے نیند متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ کچھ دوسرے سپلیمنٹس نیند کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
سونے سے پہلے ان سپلیمنٹس کا استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
وٹامن بی12 اور دیگر بی وٹامنز
غذائی ماہرین کے مطابق بی وٹامنز، خاص طور پر بی12، توانائی پیدا کرنے اور اعصابی نظام کو فعال رکھنے میں اہم ہیں۔ انہیں دن کے آغاز میں لینا زیادہ فائدہ مند ہے۔ تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ بی12 کی کم یا ضرورت سے زیادہ مقدار بے خوابی کا سبب بن سکتی ہے۔ بالغ افراد کے لیے روزانہ تقریباً 1.5 مائیکروگرام لینا مناسب ہے۔
کیلشیم
سونے سے پہلے کیلشیم لینے سے نیند متاثر ہو سکتی ہے کیونکہ یہ میگنیشیم کے جذب کو کم کر دیتا ہے، جو نیند میں مدد دینے والا ایک اہم معدنی عنصر ہے۔ بالغوں کے لیے ماہرین کی یومیہ تجویز کردہ مقدار تقریباً 1000 ملی گرام ہے اور یہ بہتر ہے کہ کیلشیم حاصل کرنے کے لیے خوراک کے ذرائعوں پر انحصار کیا جائے، جیسے دودھ، دہی یا دیگر دودھ کی مصنوعات، کیونکہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ یہ نیند کے معیار کو بہتر بنانے میں مددگار ہیں۔
ملٹی وٹامنز
زیادہ تر ملٹی وٹامنز میں کیلشیم اور بی وٹامنز شامل ہوتے ہیں اور چونکہ یہ چربی میں گھلنے والے وٹامنز ہیں، انہیں سونے سے فوراً پہلے لینے کے بجائے کھانے کے ساتھ لینا بہتر ہے۔ یہ خاص طور پر ان افراد کے لیے اہم ہے جنہیں غذائی اجزاء کی کمی ہو یا وہ بزرگ ہوں۔
سونے سے پہلے کچھ سپلیمنٹس فائدہ مند بھی ہوتے ہیں۔
میگنیشیم
میگنیشیم نیند کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔ تحقیق کے مطابق، میگنیشیم تھیریونیٹ یا سائٹریٹ سونے سے تقریباً دو گھنٹے پہلے لینے سے نیند، موڈ، توانائی اور دن بھر چوکسی میں بہتری آ سکتی ہے۔ بالغ افراد کے لیے تقریباً 270 ملی گرام، مردوں کے لیے 300 ملی گرام مناسب ہے۔
وٹامن سی
مطالعات سے پتہ چلا ہے کہ خون میں وٹامن سی کی مناسب سطح بہتر نیند کے ساتھ منسلک ہے۔ روزانہ تقریباً 40 ملی گرام وٹامن سی لینا کافی ہے، جبکہ کچھ تحقیقات 132–191 ملی گرام تک لینے کی بھی تجویز کرتی ہیں۔
آئرن
اگر کسی میں آئرن کی کمی ہے تو آئرن سپلیمنٹس سونے سے پہلے لینے سے نیند کے پیٹرن میں بہتری آ سکتی ہے۔ مینو پاز کے بعد خواتین کے لیے 8.7 ملی گرام اور مردوں کے لیے 11.3 ملی گرام مناسب ہے۔
اومیگا 3 فیٹی ایسڈز
تحقیق کے مطابق، پولی انسیچوریٹڈ اومیگا 3 فیٹی ایسڈز نیند کی کارکردگی بہتر بنانے میں مددگار ہیں۔ یہ سیروٹونن کی سطح کو منظم کر کے نیند کو مستحکم کرتے ہیں۔ ماہرین صحت بالغ افراد کے لیے روزانہ کم از کم 250 ملی گرام، جبکہ بعض ماہرین ایک گرام تک لینے کی تجویز دیتے ہیں۔
ہر شخص کی جسمانی ضروریات مختلف ہوتی ہیں، اس لیے سپلیمنٹس لینے سے پہلے ڈاکٹر یا غذائی ماہر سے مشورہ کرنا بہتر ہے۔
مختصر یہ کہ، صحیح سپلیمنٹس کو صحیح وقت پر لینا آپ کی نیند اور مجموعی صحت کے لیے ضروری ہے۔