انڈے کا ستعمال ، دماغی بیماریوں سے چھٹکارے کا باعث، نئی تحقیق میں انکشاف

انڈے کا ستعمال ، دماغی بیماریوں سے چھٹکارے کا باعث، نئی تحقیق میں انکشاف فائل فوٹو انڈے کا ستعمال ، دماغی بیماریوں سے چھٹکارے کا باعث، نئی تحقیق میں انکشاف

اگر آپ کو انڈے کھانا پسند ہیں تو یہ عادت آپ کو ایک بہت عام دماغی مرض سے تحفظ فراہم کرسکتی ہے۔

جی ہاں واقعی جسم میں کولین نامی غذائی جز کی کمی سے انزائٹی ڈس آرڈرز سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

انزائٹی ایک ایسا عارضہ ہے جو موجودہ عہد میں بہت زیادہ عام ہوتا جا رہا ہے اور اس کا علاج عموماً سائیکو تھراپی یا ادویات سے کیا جاتا ہے۔

انزائٹی بنیادی طور پر شدید گھبراہٹ، فکرمندی، پریشانی اور ڈر کو کہا جاتا ہے۔

 معمولی گھبراہٹ یا ڈر تو نقصان دہ نہیں ہوتا مگر جب کیفیات کی شدت زیادہ ہو اور اکثر ایسا ہو تو پھر ضرور اس کی روک تھام کے لیے کوششیں کرنی چاہیے۔

انزائٹی پر توجہ نہ دی جائے تو معیار زندگی بہت بری طرح متاثر ہوسکتا ہے ۔

امریکا کی کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں 25 تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی اور پھر اس کا موازنہ 370 افراد سے کیا گیا۔

ان افراد کے دماغوں کا جائزہ لینے پر دریافت ہوا کہ 88 فیصد انزائٹی کے مریضوں میں کولین کی سطح نمایاں حد تک کم تھی۔

 محققین نے بتایا کہ یہ پہلی تحقیق ہے جس میں انزائٹی سے متاثر افراد میں کیمیائی پیٹرن کا جائزہ لیا گیا اور نتائج سے عندیہ ملا کہ غذائی عادات جیسے کولین سے بھرپور غذاؤں یا سپلیمنٹس کے استعمال سے دماغی توازن بحال کیا جاسکتا ہے۔

کولین ایسا جز ہے جو صحت کے لیے بہت اہم ہوتا ہے اور عام طور پر اسے انڈوں، گائے کی کلیجی، سرخ گوشت، مرغی کے گوشت، آلو، دہی، مچھلی، گوبھی اور اس کی دیگر اقسام سے جسم کا حصہ بنایا جاتا ہے۔

یہ غذائی جز خلیات کے افعال کے لیے اہم ہوتا ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ یادداشت، مزاج اور دیگر دماغی افعال کے لیے اہم ایک نیورو ٹرانسمیٹر acetylcholine بننے کے عمل کے لیے بھی اہم ہوتا ہے۔

تو جب جسم میں کولین کی سطح گھٹ جاتی ہے تو دماغی افعال متاثر ہوتے ہیں اور انزائٹی سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔


محققین نے بتایا کہ انزائٹی کے مریضوں کو اپنی غذا پر توجہ مرکوز کرنا چاہیے اور کولین سے بھرپور غذاؤں کا استعمال بڑھانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مچھلی کا استعمال بھی دماغ کو کولین فراہم کرنے کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل مالیکیولر سائیکاٹری میں شائع ہوئے۔

install suchtv android app on google app store