چین کے بیجنگ میں قائم شینزین کی بایوسائنس سٹارٹ اپ لونوی کے سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایک ایسی گولی تیار کی ہے جو انسانی زندگی کو 150 سال تک بڑھا سکتی ہے۔
سائنسدانوں کے مطابق اس گولی کا بنیادی جزو پی سی سی 1 ہے، جو انگور کے بیجوں سے حاصل ہونے والا مالیکیول ہے اور انسانی صحت اور عمر میں اضافہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ لیبارٹری میں تجربات کے دوران یہ جزو عمر رسیدہ خلیوں کو دوبارہ فعال کرتا اور جسم میں سوزش کو کم کرتا ہے۔
ابتدائی تجربات چوہوں پر کئے گئے، جن میں اس گولی نے چوہوں کی اوسط عمر میں تقریباً 9.4 فیصد اضافہ کیا، جبکہ طویل مدتی نتائج میں 64.2 فیصد بہتری دیکھنے کو ملی۔
لونوی بایوسائنسز کے مطابق یہ گولی نہ صرف زندگی کی مدت بڑھا سکتی ہے بلکہ عمر رسیدگی سے منسلک بیماریوں جیسے دل کی بیماری، ذیابیطس اور دیگر مسائل کے خطرے کو بھی کم کرنے میں مددگار ہو سکتی ہے۔
اگر یہ انسانی تجربات میں بھی کامیاب ہوئی، تو چین میں موجودہ اوسط متوقع عمر 79 سال کو بڑے پیمانے پر بڑھایا جا سکتا ہے۔
سائنسدان اس دریافت کو انسانی زندگی کے نئے دور کی شروعات قرار دے رہے ہیں۔ تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ابھی اس گولی کی حفاظت اور اثرات پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔