دنیا بھر میں نوعمر بچوں میں بلڈ پریشر کے کیسز دوگنے ہو گئے

گزشتہ دو دہائیوں کے دوران دنیا بھر میں نو عمر بچوں میں ہائی بلڈ پریشر کے کیسز تقریباً دوگنے ہو گئے ہیں فائل فوٹو گزشتہ دو دہائیوں کے دوران دنیا بھر میں نو عمر بچوں میں ہائی بلڈ پریشر کے کیسز تقریباً دوگنے ہو گئے ہیں

ایک جامع اور منفرد تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران دنیا بھر میں نو عمر بچوں میں ہائی بلڈ پریشر کے کیسز تقریباً دوگنے ہو گئے ہیں، اور ماہرین کے مطابق مستقبل میں یہ شرح مزید بڑھ سکتی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق، چین میں کی جانے والی تحقیق سے معلوم ہوا کہ بچوں اور نوجوانوں میں بلڈ پریشر کی شرح 2000 سے 2020 کے دوران تقریباً دوگنی ہو گئی، جس کے باعث دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

چین کی ژی جیانگ یونیورسٹی کے محققین نے بتایا کہ 2000 میں لڑکوں میں 3.4 فیصد اور لڑکیوں میں 3 فیصد بچوں کو ہائی بلڈ پریشر تھا، جو 2020 تک بڑھ کر بالترتیب 6.5 فیصد اور 5.8 فیصد ہو گیا۔

یہ نتائج حال ہی میں معروف طبی جرنل ’دی لانسیٹ چائلڈ اینڈ ایڈولیسنٹ ہیلتھ‘ میں شائع ہوئے۔

ماہرین کے مطابق بچوں میں ہائی بلڈ پریشر دل کی بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے، جو امریکہ جیسے ممالک میں اموات کی سب سے بڑی وجہ ہے۔

تحقیق کرنے والے ماہرین نے کہا کہ بڑھتے ہوئے بلڈ پریشر کو روکا جا سکتا ہے۔ بہتر اسکریننگ، جلد تشخیص، صحت مند وزن اور متوازن غذائیت کے ذریعے پیچیدگیوں سے بچا جا سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ نو عمر بچوں میں موٹاپا سب سے بڑی وجہ ہے، جو سوزش کے امکانات بڑھاتا ہے اور خون کی نالیوں کے مسائل پیدا کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ زیادہ نمک، الٹرا پروسیسڈ غذا، ناقص نیند اور ذہنی دباؤ بھی ہائی بلڈ پریشر میں کردار ادا کر رہے ہیں۔

ماہرین نے نو عمر افراد میں بلڈ پریشر کی شرح بڑھنے کو جینیاتی عوامل یعنی خاندانی ہسٹری سے بھی جوڑا جب کہ ماحولیاتی آلودگی کو بھی اس کا ایک اہم سبب قرار دیا۔

ماہرین کہتے ہیں کہ جدید دور کے بچے پچھلی نسلوں سے کم متحرک ہیں اور زیادہ وقت اسکرین پر گزارتے ہیں۔

تحقیق میں ماہرین نے 21 ممالک کے 96 مطالعوں کا جائزہ لیا، سب سے اہم بات یہ سامنے آئی کہ بہت سے بچوں کا بلڈ پریشر ڈاکٹر کے دفتر میں نارمل دکھائی دیتا ہے لیکن گھر میں زیادہ ہوتا ہے۔ اسے ماسکڈ ہائی پرٹینشن کہتے ہیں جو سب سے عام قسم نکلی۔

install suchtv android app on google app store