سردیوں کے موسم میں صحت بخش اور لذیذ غذائیں بنانے کا اپنا ایک الگ مزہ ہوتا ہے اور بیسن کا حلوہ اس موسم کی بہترین سوغات میں سے ایک ہے،یہ حلوہ نہ صرف جسم اور گھٹنوں کے درد کے لیے مفید ہے بلکہ ذائقے میں بھی لاجواب ہے، ذیل میں مرحلہ وار ترکیب دی گئی ہے تاکہ ہر کوئی اسے آسانی سے گھر پر تیار کر سکے اور اس کا لذت اور خوشبو سے لطف اندوز ہو۔
بیسن کا حلوہ بنانے کیلئے درکار اجزاء اور مقدار بیسن ایک کپ چھانا ہوا،سو جی آدھاکپ بیسن کے بعد شامل کریں، گھی ایک کپ کم یا زیادہ حسبِ ضرورت،گڑ یا چینی ایک کپ ذائقہ کے مطابق،دودھ آدھا کپ پاؤڈر دودھ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
گرم پانی تین سے چار کپ تھوڑا تھوڑا شامل کریں،الائچی حسب ذائقہ اختیاری،ڈرائی فروٹ حسب پسند آخر میں شامل کریں۔ بیسن کا حلوہ بنانے کی ترکیب سب سے پہلے بیسن کو اچھی طرح چھان کر کڑاہی میں ڈالیں۔ اسے کسی اور چیز کے بغیر ہلکی آنچ پر پکائیں۔
یہ پہلا قدم ہے جہاں حلوے کا اصل ذائقہ اور ٹیکسچر بنتا ہے، بیسن پکانے کے دوران گٹھلیاں کھل جائیں گی اور رنگ ہلکا سا ڈارک ہو جائے گا۔ جب بیسن اچھی طرح پک جائے، اس میں نصف کپ سو جی ڈالیں اور دونوں کو ہلکی آنچ پر بھونیں، اس دوران خوشبو آنا شروع ہو جائے گی۔
اب ایک کپ گھی شامل کریں اور اچھی طرح پکائیں۔ ابتدا میں لگ سکتا ہے کہ گھی زیادہ ہے، لیکن جیسے جیسے پکائیں گے، یہ مکمل ریسپی میں جذب ہو جائے گا۔ پکائی کے بعد گڑ (یا چینی) شامل کریں۔ ایک کپ کافی ہے اور یہ سات سے آٹھ افراد کے لیے کافی مقدار ہے۔
حلوے میں نصف کپ دودھ ڈالیں تاکہ ذائقہ بہتر آئے، پاؤڈر دودھ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے لیکن عام طور پر تازہ دودھ دستیاب ہوتا ہے،تین سے چار کپ گرم پانی ڈالیں اور چمچ سے ہلائیں۔ یہ یقینی بنائیں کہ پانی گرم ہو تاکہ ہلوا جم نہ جائے،الائچی اور ڈرائی فروٹ شامل کریں تاکہ ذائقہ اور خوشبو مزید بڑھ جائے،حلوے کو کم از کم 40سے 45 منٹ تک پکائیں۔
آخر میں حلوہ تھوڑا گاڑھا ہونا چاہیے اور ہر دانہ الگ الگ نظر آئے۔ یہ عمل حلوے کی خوشبو اور ذائقہ میں چار چاند لگا دیتا ہے۔