طلاق کے بعد کے نفسیاتی صدمے پر فیروز خان کے سنسنی خیز انکشافات

فیروز خان نے پہلی بار اپنی طلاق کے بعد پیش آنے والے انتہائی مشکل دور اور اس سے جڑے نفسیاتی دباؤ پر کھل کر بات کی فائل فوٹو فیروز خان نے پہلی بار اپنی طلاق کے بعد پیش آنے والے انتہائی مشکل دور اور اس سے جڑے نفسیاتی دباؤ پر کھل کر بات کی

مقبول اداکار فیروز خان نے پہلی بار اپنی طلاق کے بعد پیش آنے والے انتہائی مشکل دور اور اس سے جڑے نفسیاتی دباؤ پر کھل کر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ وہ شدید ڈپریشن کا شکار ہو کر زندگی اور موت کے درمیان جھولنے لگے تھے۔

فیروز خان نے گرین انٹرٹینمنٹ کے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جس کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔

اس میں اداکار نے علیزہ سلطان سے طلاق کے بعد خود پر ہونے والی شدید تنقید، عدالتی مقدمات اور ذاتی زندگی میں درپیش مشکلات کے بارے میں صاف گوئی سے بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ طلاق کے بعد انہیں مسلسل ذاتی تنقید کا سامنا رہا، عدالتوں میں مقدمات چلتے رہے اور وہ اپنے ہی بچوں سے ملاقات تک نہیں کر پا رہے تھے، جس نے انہیں شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیا۔

فیروز خان کے مطابق اس مشکل وقت میں ان کا کیریئر بھی تقریباً رک گیا تھا، وہ کسی سے ملتے جلتے نہیں تھے اور حتیٰ کہ انہوں نے یہ سوچنا شروع کر دیا تھا کہ اگر کام نہ ملا تو درزی بن کر روزگار کما لیں گے۔

اداکار نے بتایا کہ ڈپریشن اور اپنے بچوں سے نہ مل پانے کے صدمے نے انہیں اس حد تک کمزور کر دیا کہ وہ ایک روز گھر میں اچانک بے ہوش ہو کر گر پڑے۔ انہیں لگا کہ شاید اب وہ زندگی کی آخری دہلیز پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس نازک مرحلے میں ان کی والدہ نے مسلسل ان پر آیت الکرسی پڑھ کر دم کیا اور دعائیں کرتی رہیں، جس کے باعث وہ آہستہ آہستہ سنبھلنے لگے اور دوبارہ زندگی کی طرف لوٹ آئے۔

خیال رہے کہ فیروز خان کی پہلی شادی 2018 میں علیزے سلطان سے ہوئی تھی، جس سے ان کے دو بچے بھی ہیں، تاہم 2022 میں یہ شادی طلاق پر ختم ہوئی تھی اور علیزے نے فیروز خان پر گھریلو تشدد کے الزامات عائد کیے تھے۔

طلاق کے بعد علیزے سلطان اور فیروز خان کے درمیان بچوں کی پرورش اور حوالگی کے لیے کیسز بھی چلے، عدالتی حکم کے بعد بچے والدہ کے حوالے کیے گئے، تاہم انہیں والد سے ملنے کی اجازت دی گئی اور فیروز خان کو بچوں کے اخراجات ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔

پہلی طلاق کے بعد فیروز خان نے ماہر نفسیات ڈاکٹر زینب سے جون 2024 میں شادی کی تھی۔

 

install suchtv android app on google app store