پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال نے مداحوں کو پیغام دیا ہے کہ وہ جو کچھ بھی سوشل میڈیا پر دیکھتے ہیں اسے سچ نہ مانیں کیونکہ سوشل میڈیا حقیقی زندگی سے بہت مختلف ہے۔
حال ہی میں مومنہ اقبال نے ایک ویب چینل کے شو میں شرکت کی جس کا ایک کلپ سوشل میڈیا کی زینت بنا ہوا ہے، اس ویڈیو میں اداکارہ سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کی زندگیوں پر منفی اثرات پڑنے کے حوالے سے بات کررہی ہیں۔
مومنہ اقبال نے کہا کہ 'کچھ دن قبل میں اپنی دوست سے بات کررہی تھی کہ یہ کون لوگ ہوتے ہیں جو صبح اٹھتے ہیں، تیار ہوتے ہیں ، ریسٹورینٹس میں جاتے ہیں اور تصاویر بنواتے ہیں، ہم سے تو صبح اٹھا ہی نہیں جاتا'۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ 'میری چھٹی والے دن میں بیڈ پر ہی پڑی رہتی ہوں، میرا اٹھنے کا دل نہیں کرتا تو میں سب کو یہ کہنا چاہتی ہوں کہ سوشل میڈیا وہ نہیں ہے جو آپ سب دیکھ رہے ہیں، مجھے بھی میری تصاویر کے حوالے سے کافی پیغامات آرہے ہوتے ہیں، کبھی کبھی ایسا ہوتا ہے کہ میں نے ایک یا دو ہفتے پہلے تصویر بنائی ہوتی ہے اور وہ میں کسی بھی دن انسٹاگرام پر پوسٹ کردیتی ہوں ،کسی کو کیا پتا کہ کیا چل رہا ہے‘۔
مومنہ اقبال نے مزید کہا 'سوشل میڈیا وہ قطعاً نہیں ہے جو ہم سمجھتے ہیں، یہ ابھی کا سچ بالکل نہیں ہے، جو لوگ ہمیں اپنے گھروں میں بیٹھ کر دیکھ رہے ہوتے ہیں وہ اسے منفی طور پر بھی لیتے ہیں، لوگ کہہ رہے ہوتے ہیں کہ ان کی زندگی کتنے مزے میں ہے'۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ 'لوگ زندگی کو انجوائے بھی کررہے ہوتے ہیں لیکن جو چیز ہم سوشل میڈیا پر بڑھا چڑھا کر دکھا رہے ہوتے ہیں ویسا کچھ نہیں ہوتا'۔