میزائل کا کامیاب تجربہ ، ترک دفاعی نظام مزید مضبوط اور مستحکم ہو گیا

 میزائل تجربہ فائل فوٹو میزائل تجربہ

ترکی نے روس سے حاصل کردہ ’ایس 400‘ فضائی دفاعی نظام کے تحت ایک دیسی ساختہ میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا، جس کے بعد ترکی کا دفاعی نظام اور مستحکم ہو گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمعے کے روز ترک وزارتِ دفاع نے بحر اسود کی فضا میں ایک میزائل تجربہ کیا جو کامیاب رہا، یہ میزائل روس کے ’ایس 400‘ دفاعی نظام کے تجربے کا حصہ ہونے کی وجہ سے امریکا نے اس پر تشویش کا اظہار کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں وائٹ ہاؤس سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ ترک اعلیٰ قیادت نے میزائل سسٹم کو آپریشنل نہ کرنے کا وعدہ کیا تھا، اس کی خلاف ورزی پر سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ روس سے حاصل کردہ ایس 400 دفاعی نظام پر ترکی اور امریکا کے درمیان سخت کشیدگی رہی ہے، اس سلسلے میں امریکا کی جانب سے یہ مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ نیٹو کے کسی رکن ملک کا روس سے جدید ترین اسلحہ خریدنا نیٹو ممالک کے لیے خطرہ ہے۔

روس سے اس میزائل سسٹم کی خریداری کے سبب امریکا نے ایف 35 جنگی طیارے تیار کرنے کے ایک مشترکہ منصوبے کے لیے ترکی کے ساتھ ڈیل بھی منسوخ کر دی تھی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رجب طیب اردوان کو روس سے دفاعی نظام خریدنے پر پابندیاں لگانے کی دھمکی بھی دی تھی۔

install suchtv android app on google app store