امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کو اہم نان نیٹو اتحادی کا درجہ دینے کا اعلان کر دیا۔ وائٹ ہاؤس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ دیا گیا، جس میں ایلون مسک اور کرسٹیانو رونالڈو سمیت دیگر معزز مہمانوں نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ سعودی ولی عہد کو وائٹ ہاؤس میں خوش آمدید کہتے ہیں۔
صدر ٹرمپ کے مطابق امریکا اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹیجک دفاعی معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں، اور دونوں ممالک کے تاریخی و مضبوط تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی۔
ٹرمپ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام کے لیے نمایاں پیش رفت ہو چکی ہے اور موجودہ حالات میں غزہ پہلے کی نسبت زیادہ محفوظ ہے۔ ان کے مطابق غزہ بورڈ آف پیس میں متعدد عالمی رہنما بھی شامل ہوں گے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے بتایا کہ حماس کی جانب سے مزید یرغمالیوں کی نعشیں اسرائیلی خاندانوں کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
امریکی صدر کے خطاب کے بعد سعودی ولی عہد نے شاندار میزبانی پر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات ہمیشہ سے بہترین رہے ہیں اور مزید مضبوط ہوں گے۔
یاد رہے کہ سعودی ولی عہد امریکا کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ امریکا اور سعودی عرب کے درمیان سول نیوکلیئر معاہدے پراتفاق ہوگیا۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ نے سعودی عرب کےلیے بڑے دفاعی پیکج کی منظوری دیدی جس کے تحت سعودی عرب کو ایف 35 لڑاکا طیارے فراہم کیے جائیں گے، سعودی عرب امریکا سےتقریبا 300 ٹینک بھی خریدے گا۔