ٹک ٹاکر، یوٹیوبر اور سوشل میڈیا اسٹار جیمز اسٹیفن جمی ڈونلڈسن المعروف مسٹر بیسٹ نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک عارضی تفریحی پارک ’بیسٹ لینڈ‘ کا افتتاح کیا، جو مداحوں کے لیے دلچسپ رکاوٹیں اور چیلنجز پیش کرتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق 45 کروڑ سے زائد سبسکرائبرز رکھنے والے مسٹر بیسٹ نے حال ہی میں ریاض میں یہ عارضی پارک قائم کیا، ایسے وقت میں جب سعودی عرب خود کو ایک بڑے تفریحی مرکز کے طور پر منوانے کی کوشش کر رہا ہے۔
’بیسٹ لینڈ‘ 13 نومبر سے 27 دسمبر تک کھلا رہے گا، اور یہاں مختلف رکاوٹیں اور چیلنجز موجود ہیں جو مسٹر بیسٹ کی مشہور ویڈیوز کی طرز پر بنائے گئے ہیں۔
زائرین ان مقابلوں میں حصہ لے کر قیمتی انعامات جیت سکتے ہیں۔
یہ پارک ریاض سیزن کا حصہ ہے، جو سالانہ میلہ ہے اور دارالحکومت کو سیاحتی مقام بنانے کے لیے منعقد کیا جاتا ہے۔
سعودی عرب اس موقع پر مشہور شخصیات کو مدعو کر کے اپنی معیشت کو تیل پر انحصار سے آزاد کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
مسٹر بیسٹ نے کہا کہ ان کے بیشتر ناظرین شمالی امریکہ کے علاوہ دیگر ممالک میں ہیں، اور مشرق وسطیٰ میں بھی ان کی ویڈیوز کو بڑی تعداد میں دیکھا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ریاض میں رہنے والے مداحوں کے لیے کچھ دلچسپ اور منفرد تجربہ فراہم کرنا چاہتے تھے۔
اس سے قبل مسٹر بیسٹ نے پارک کے دروازے کے سامنے ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جو نیلے شیر کے سر کی شکل میں ہے اور آنکھوں میں چمکتی ہوئی بجلی کی روشنی ہے، جو ان کے لوگو کی یاد دلاتی ہے۔
ویڈیو میں مسٹر بیسٹ نے کہا کہ یہ ان کی زندگی کا سب سے منفرد کام ہے اور وہ اس موقع کے منتظر ہیں کہ لوگوں کا اس پر کیا ردعمل ہوگا۔