اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ اسرائیلی اقدامات عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔
پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے غزہ کی صورتحال پر ہونے والے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں نسل کشی روکنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں۔ اور پاکستان غزہ پر قبضے کے اسرائیلی منصوبے کی مخالفت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم فوری ختم ہونے چاہئیں۔ اور غزہ میں اسرائیلی طاقت کے استعمال کو فوری طور پر روکا جائے۔ غزہ پر اسرائیلی قبضے کی کوشش ناقابل قبول ہے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ اقوام متحدہ اسرائیل کے خلاف فوری کارروائی کرے۔ کیونکہ اسرائیلی اقدامات عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔ غزہ سے فلسطینیوں کا انخلا نسل کشی کے منصوبے کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ فوری اسرائیل کے قبضے کو روکے اور مستقل جنگ بندی کرائے۔ اسرائیلی کابینہ کا قبضے کا فیصلہ خطرناک اور تباہ کن جنگ کا تسلسل ہے۔ جبکہ بیت المقدس کی قانونی اور تاریخی حیثیت کا تحفظ لازم ہے۔ غزہ کی صورتحال انتہائی خوفناک ہے۔